لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)ڈی آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سینٹرل زون شاہد جاوید نے تیز رفتاری اور غیر محتاط ڈرائیونگ کو ٹریفک حادثات کی بڑی وجوہات قرار دیتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی اور محفوظ ڈرائیونگ کو اپنی ذمہ داری سمجھیں،سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کا لازمی استعمال،مقررہ رفتار کی پابندی اور دورانِ ڈرائیونگ احتیاط ہی قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ اور حادثات کی روک تھام میں بنیادی کردار ادا کرسکتی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق لاہور کی ایک نجی یونیورسٹی میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس این فائیو سینٹرل زون کے زیر اہتمام روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی آئی جی سینٹرل زون شاہد جاوید نے خصوصی شرکت کی اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے محفوظ سفر کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی،محتاط ڈرائیونگ اور ذمہ دارانہ رویے کی اہمیت پر زور دیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی شاہد جاوید نے کہا کہ سڑکوں پر حادثات کی روک تھام اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد ناگزیر ہے،محفوظ سفر صرف ڈرائیور کی ذمہ داری نہیں بلکہ سڑک استعمال کرنے والے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہو گا اور ٹریفک قوانین کی پابندی کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ہو گا۔

ڈی آئی جی سینٹرل زون نے نوجوان نسل کو روڈ سیفٹی کا سفیر بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ معاشرے کا باشعور اور متحرک طبقہ ہیں،اس لیے ان میں ٹریفک قوانین اور محفوظ ڈرائیونگ سے متعلق شعور اجاگر کرکے نہ صرف حادثات میں کمی لائی جاسکتی ہے بلکہ وہ اپنے خاندانوں اور معاشرے میں بھی روڈ سیفٹی کے پیغام کو موثر انداز میں پھیلا سکتے ہیں۔سیمینار کے دوران طلبہ کو تیز رفتاری اور غیر محتاط ڈرائیونگ کے ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا گیا۔شرکا کو بتایا گیا کہ سڑک پر معمولی سی بے احتیاطی بھی سنگین حادثے کا سبب بن سکتی ہے،اس لیے ڈرائیونگ کے دوران رفتار کو سڑک اور ٹریفک کی صورتحال کے مطابق رکھنا، ٹریفک اشاروں کی پابندی کرنا اور دیگر شاہراہ استعمال کرنے والوں کے حقوق کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے۔

ڈی آئی جی شاہد جاوید نے دوران ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ کے لازمی استعمال پر بھی زور دیا اور کہا کہ گاڑی میں سفر کرنے والے تمام افراد کو سیٹ بیلٹ کے استعمال کو یقینی بنانا چاہیے۔انہوں نے موٹرسائیکل سواروں کو خصوصی طور پر تلقین کی کہ وہ دوران سفر معیاری ہیلمٹ کا لازمی استعمال کریں،کیونکہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے حادثات کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ روڈ سیفٹی کے اصول محض قوانین کی پابندی تک محدود نہیں بلکہ انسانی جان کے تحفظ سے براہ راست متعلق ہیں،ہر شہری اگر سڑک پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرے،رفتار پر قابو رکھے،سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے گریز کرے تو حادثات کی شرح میں نمایاں کمی لائی جاسکتی ہے۔

ترجمان این فائیو سینٹرل زون کے مطابق روڈ سیفٹی سیمینار میں طلبہ کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی انتظامیہ نے بھی بھرپور شرکت کی۔سیمینار کا مقصد نوجوانوں میں ٹریفک قوانین،محفوظ ڈرائیونگ اور شاہراہوں پر ذمہ دارانہ طرز عمل کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا تھا۔اس موقع پر روڈ سیفٹی سے متعلق طلبہ کے سوالات کے جوابات بھی دیے گئے اور انہیں ٹریفک قوانین اور محفوظ سفر کے مختلف پہلووں سے متعلق ضروری معلومات فراہم کی گئیں۔طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے مختلف سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔سیمینار کے موقع پر روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی اسٹال بھی قائم کیا گیا،جہاں شرکا کو ٹریفک قوانین،محفوظ ڈرائیونگ،حادثات سے بچاو اور شاہراہوں پر احتیاطی تدابیر کے حوالے سے معلومات فراہم کی گئیں۔طلبہ نے آگاہی سرگرمیوں میں دلچسپی کا اظہار کیا اور روڈ سیفٹی کے پیغام کو عام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ترجمان این فائیو سینٹرل زون نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی مہم کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا،مختلف تعلیمی اداروں اور دیگر مقامات پر آگاہی پروگراموں کے ذریعے شہریوں خصوصاً نوجوانوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی اور محفوظ سفر کی اہمیت سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ روڈ سیفٹی کے حوالے سے عوامی شعور میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے موٹروے پولیس اپنی آگاہی سرگرمیوں کو مزید موثر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ خود بھی ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور اپنے اردگرد موجود افراد کو بھی محفوظ ڈرائیونگ اور ذمہ دارانہ طرز عمل اپنانے کی ترغیب دیں۔