لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے عوام اور پنجاب کے لئے ہمیشہ آواز بلند کرتی رہیں گی اور کسی سے معافی نہیں مانگیں گی۔ انہوں نے کہا کہ “میرا کام اپنے لوگوں کے حقوق کی پاسداری اور صوبے کے عوام کی عزت نفس کی حفاظت ہے، اگر میں یہ آواز نہ اٹھاوں تو کون اٹھائے گا؟”
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ وہ اللہ تعالیٰ اور عوام کو جوابدہ ہیں اور کسی بھی سفارش یا ذاتی تعلق کی بنیاد پر فیصلے نہیں کرتیں، پچھلے ادوار میں میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں اور سفارش کلچر کو فروغ دیا گیا لیکن موجودہ دور میں اس رویے کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے،میرے پاس سفارش لے کر آنے والا ناکام لوٹتا ہے، ایسے نام پر سرخ کراس لگا دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی حکومت میرٹ اور شفافیت پر کھڑی ہے، ہر افسر اور ہر تقرری میرٹ پر کی جا رہی ہے۔انہوں نے ماضی کی حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے دور میں مائنز اینڈ منرلز سمیت کئی شعبوں میں ٹھیکے سفارش پر بانٹے گئے، میں نے ان تمام ٹھیکوں کو منسوخ کر دیا ہے۔وزیراعلیٰ نے پیپلز پارٹی کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئےدوٹوک انداز میں کہا کہ میں کبھی معافی نہیں مانگوں گی،میرا فرض ہے کہ عوامی حق تلفی کے خلاف بولوں اور صوبے کے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بناوں۔مریم نواز نے مزید کہا کہ وسائل عوام کے ہیں اور انہیں استعمال کرنے کا فیصلہ بھی عوامی مفاد میں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صوبے کے عوام کی محافظ ہیں اور ان کے جان و مال اور عزت نفس کا ہر حال میں تحفظ کریں گی۔
عوام اور پنجاب کے لئے آواز اٹھانا میرا فرض، کسی سے معافی نہیں مانگوں گی،مریم نواز نے پیپلز پارٹی کا مطالبہ مسترد کر دیا
15