بارسلونا(ایگزو نیوز ڈیسک)فٹ بال ورلڈ کپ سے قبل سپین کے اعلان کردہ اسکواڈ نے عالمی کھیلوں کی دنیا میں ہلچل مچا دی ہے،جہاں حیران کن طور پر ریال میڈرڈ کے کسی بھی کھلاڑی کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ بارسلونا کے کھلاڑی نمایاں اکثریت کے ساتھ چھا گئے ہیں۔اس غیر متوقع فیصلے کو سپین کی حکمت عملی میں بڑی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے،جو آنے والے ٹورنامنٹ میں ٹیم کے نئے انداز اور ترجیحات کی واضح عکاسی کرتا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق یورپی چیمپئن سپین نے آئندہ فٹبال ورلڈ کپ کے لیے 26 رکنی سکواڈ کا اعلان کر کے فٹبال دنیا کو حیران کر دیا ہے،جہاں پہلی بار قومی ٹیم میں ریال میڈرڈ کے کسی بھی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا گیا۔یہ فیصلہ نہ صرف سپین کی فٹبال تاریخ میں ایک منفرد باب کا اضافہ ہے بلکہ کلب فٹبال اور قومی ٹیم کے تعلق پر بھی نئی بحث چھیڑ رہا ہے۔ہیڈ کوچ لوئس ڈی لا فوینتے نے اپنی حکمت عملی میں واضح طور پر تسلسل اور ٹیم ورک کو ترجیح دیتے ہوئے سکواڈ کی بنیاد زیادہ تر بارسلونا کے کھلاڑیوں پر رکھی ہے۔ٹیم میں شامل آٹھ کھلاڑیوں میں لامین یامال،پیڈری، گاوی،ڈینی اولمو اور فیران ٹوریس جیسے نمایاں نام شامل ہیں،جو حالیہ عرصے میں شاندار کارکردگی دکھا چکے ہیں۔
دوسری جانب ریال میڈرڈ کے تجربہ کار اور اہم کھلاڑیوں،جن میں ڈیان ہوئیسن اور دانی کارواخال شامل ہیں،کو نظرانداز کیے جانے پر سوالات اٹھ رہے ہیں تاہم کوچ نے اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کے نزدیک کھلاڑی کی شناخت اس کے کلب سے نہیں بلکہ قومی ٹیم کے لیے اس کے جذبے اور کارکردگی سے ہوتی ہے۔سکواڈ میں انگلش پریمیئر لیگ سے تعلق رکھنے والے سات کھلاڑیوں کی شمولیت بھی ٹیم کے توازن کو ظاہر کرتی ہے جبکہ کوچ نے لامین یامال اور نیکو ولیمز کی فٹنس پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام کھلاڑی ٹورنامنٹ کے آغاز تک بھرپور فارم میں ہوں گے۔تجزیہ کاروں کے مطابق یہ سکواڈ سپین کی نئی حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے،جہاں نوجوان ٹیلنٹ، ہم آہنگی اور جدید فٹبال تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک ایسی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو ورلڈ کپ میں مضبوط دعویدار کے طور پر سامنے آ سکتی ہے۔