ایلون مسک کو بڑا جھٹکا، ٹیکساس سے لانچ ہونے والے اسپیس ایکس کا اسٹار شپ راکٹ چند منٹ بعد ہی خلاء میں تباہ ہو گیا۔ جس کے نتیجے میں خلیج میکسیکو کے اوپر فضائی پروازوں کو ملبہ گرنے سے بچنے کیلئے اپنے راستے میں تبدیلی کرنی پڑی۔
اسپیس ایکس کے کمیونیکیشن مینیجر ڈین ہوٹ نے کہا کہ ہم نے جہاز سے تمام رابطہ کھو دیا ہے – اس کا مطلب ہے کہ اوپر کے مرحلے میں کوئی خرابی آئی ہے۔ کچھ ہی دیر بعد انہوں نے تصدیق کی کہ جہاز ضائع ہو گیا ہے۔
اسپیس ایکس کے مشن کنٹرول کا نئے اپ گریڈ شدہ اسٹار شپ سے رابطہ ختم ہو گیا تھا، جو اپنے پہلے ٹیسٹ پے لوڈ میں جعلی سیٹلائٹس لے کر جا رہا تھا، اور اس میں کوئی عملہ نہیں تھا۔ یہ رابطہ لانچ کے آٹھ منٹ بعد منقطع ہو گیا تھا۔
گزشتہ سال مارچ میں آخری بار اسٹار شپ کے اوپر کے مرحلے میں خرابی آئی تھی، جب یہ انڈین اوشین کے اوپر زمین کے ماحول میں دوبارہ داخل ہو رہا تھا، لیکن اسپیس ایکس کے کسی حادثے نے فضائی ٹریفک میں اس طرح کی وسیع رکاوٹیں نہیں پیدا کی تھیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق درجنوں کمرشل پروازوں کو دوسرے ہوائی اڈوں پر منتقل کرنا پڑا یا ان کے راستے میں تبدیلی کرنی پڑی تاکہ ملبے سے بچا جا سکے۔ میامی اور فورٹ لارڈڈیل، فلوریڈا کے ہوائی اڈوں سے پروازوں کی روانگی میں بھی تقریباً 45 منٹ کی تاخیر ہوئی۔