کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان کی نجی علاقائی ایئرلائن” ساوتھ ایئر“ نے ملک کے فضائی شعبے میں قدم رکھتے ہوئے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اندرونِ ملک باقاعدہ شیڈول پروازوں کا آغاز کر دیا ہے،جسے ملک میں فضائی رابطوں کے فروغ اور علاقائی سفری سہولتوں میں اضافے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ساوتھ ایئر نے ابتدائی مرحلے میں کراچی سے تربت،کوئٹہ اور بہاولپور کے لیے فضائی آپریشن شروع کیا ہے۔ افتتاحی پروازیں کراچی سے تربت اور بہاولپور کے لیے روانہ ہوئیں،جس کے ساتھ ہی نئی ایئرلائن نے پاکستان کے اندرونِ ملک فضائی نیٹ ورک میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر لی۔حکام کے مطابق نئی فضائی سروس سے مختلف شہروں کے درمیان رابطوں میں بہتری آئے گی اور مسافروں کو سفر کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔ابتدائی طور پر ساوتھ ایئر تربت کے لیے ہفتہ وار ایک جبکہ بہاولپور کے لیے ہفتے میں تین پروازیں چلائے گی۔ایئرلائن انتظامیہ کے مطابق مستقبل میں پروازوں کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے پشاور،رحیم یار خان،سکھر اور گوادر سمیت دیگر شہروں کو بھی فضائی نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے،جس کا مقصد ملک کے مختلف علاقوں میں فضائی سفری سہولتوں کو عام کرنا ہے۔ساوتھ ایئر کو سیاحت کے فروغ اور علاقائی فضائی روابط کے لیے لائسنس کے تحت آپریشن کی اجازت دی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ نئی ایئرلائن کی آمد سے نہ صرف فضائی سفر کے شعبے میں مسابقت بڑھے گی بلکہ سیاحت،تجارت اور علاقائی اقتصادی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔ایئرلائن نے اپنے فضائی آپریشن کا آغاز جدید اے ٹی آر 72-600 طیاروں کے ذریعے کیا ہے،جو مختصر اور درمیانے فاصلے کی پروازوں کے لیے دنیا بھر میں استعمال ہونے والے جدید، کم ایندھن خرچ کرنے والے اور موثر طیارے تصور کیے جاتے ہیں۔
ساوتھ ایئر کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نشاط فاطمہ نے کہا ہے کہ ایئرلائن کا مقصد صرف ایک نئی فضائی کمپنی کا اضافہ نہیں بلکہ پاکستان کے فضائی رابطوں کو مضبوط بنانا ہے۔ان کے مطابق کمپنی محفوظ،بروقت اور معیاری سفری سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ ان علاقوں کو بھی قومی فضائی نیٹ ورک سے جوڑنا چاہتی ہے جہاں ماضی میں فضائی سہولتیں محدود رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں فضائی بیڑے اور روٹس میں توسیع کا منصوبہ زیرِ غور ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو جدید فضائی سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔واضح رہے کہ پاکستان میں علاقائی ایئرلائنز کی تعداد میں اضافہ مسافروں کے لیے بہتر انتخاب،نئے روٹس کے قیام اور فضائی شعبے میں صحت مند مقابلے کا باعث بن سکتا ہے تاہم اس کے لیے سروس معیار،بروقت پروازوں اور حفاظتی اقدامات کو مسلسل برقرار رکھنا اہم ہو گا۔