جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر اینریخ نورکیا رواں سال ہونے والی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق تیز گیند باز نورکیا منگل کو کمر کی انجری کے باعث چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوئے ہیں۔ جنوبی افریقہ نے اگلے ماہ پاکستان میں ہونے والے ٹورنامنٹ کیلئے اپنے 15 رکنی اسکواڈ میں 31 سالہ کھلاڑی کو شامل کیا تھا۔ اُن کے متبادل کا نام بعد میں دیا جائے گا۔
سی ایس اے کے ایک بیان کے مطابق، نورکیا کے پاوں کا اسکین کرایا گیا ہے، جس سے چوٹ کی حد کا پتہ چلا ہے۔ بیان میں چوٹ کی صحیح نوعیت کی وضاحت نہیں کی گئی۔
نورکیا، جنہوں نے 19 ٹیسٹ، 22 ایک روزہ اور 42 ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے ہیں، گزشتہ جون میں بارباڈوس میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل کے بعد سے کوئی بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی ہے۔
وہ گزشتہ ماہ پاکستان کے خلاف واپسی کیلئے تیار تھے لیکن نیٹ میں بیٹنگ کرتے ہوئے ان کے پاوں پر چوٹ لگ گئی تھی۔