جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز اوٹنیل بارٹمین دائیں گھٹنے کی انجری میں مبتلا ہونے کے باعث پاکستان کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے سے باہر ہو گئے ہیں۔
31 سالہ بولر جس نے پہلے ون ڈے میں حصہ لیا اور سات اوورز میں دو وکٹیں حاصل کیں، کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں پروٹیز لائن اپ کا حصہ نہیں تھے۔ یہ پیش رفت اس وقت ہوئی جب بارٹمین نے وارم اپ کے دوران اپنے گھٹنے میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔
اُن کی جگہ 30 سالہ آل راؤنڈر کوربن بوش کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ میزبان ٹیم میں بارٹمین کے علاوہ کیشو مہاراج بھی انجری کے باعث ون ڈے سیریز کھیلنے سے محروم رہے۔
ٹی 20 سیریز 2-0 کے مارجن سے ہارنے کے بعد، پاکستان نے ون ڈے میں لگاتار جیت کے ساتھ واپسی کی۔ مہمانوں نے پارل میں پروٹیز کو تین وکٹوں کے مارجن سے شکست دی تھی، اور اس کے بعد دوسرے ون ڈے میں 81 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔