سکیورٹی فورسز نے 10 سے 11 دسمبر کو شمالی وزیرستان میں دو مختلف جھڑپوں میں سات دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا جبکہ ایک جوان شہید ہوگیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع میران شاہ کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران، سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں چار خوارج مارے گئے۔
اسپن وام کے علاقے میں ایک اور مقابلے میں سکیورٹی فورسز نے کامیابی سے مزید تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں ضلع فیصل آباد کے رہائشی 34 سالہ لانس نائیک محمد امین نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی اور نیٹو افواج کے انخلا کے بعد 2021 میں افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے پاکستان نے سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر خاص طور پر خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں دہشت گردی کے حملوں میں اضافہ دیکھا ہے۔