سکیورٹی فورسز نے پاکستان افغانستان سرحد پر دہشت گردوں کے ایک گروپ کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی شہید جبکہ چار دہشت گرد مارے گئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق 19/20 دسمبر کی رات سکیورٹی فورسز نے ضلع راجگال خیبر کے جنرل علاقے میں پاکستان-افغان سرحد سے عسکریت پسندوں کے ایک گروپ کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک سرزمین کے ایک بہادر فرزند سپاہی عامر سہیل آفریدی نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
پاکستان مستقل طور پر افغان عبوری حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے۔ حکومت پاکستان افغان حکومت سے توقع کرتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے افغان سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔