راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان تحریکِ انصاف(پی ٹی آئی)کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا میں قیادت کی تبدیلی کا حتمی فیصلہ کرتے ہوئے سہیل آفریدی کو نیا وزیر اعلیٰ نامزد کر دیا ہے۔ پارٹی کے مرکزی رہنما اور عمران خان کے قانونی مشیر سلمان اکرم راجہ نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے مشاورت کے بعد سہیل آفریدی کو صوبے کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے منتخب کیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو انتہائی دکھ تھا کہ خیبرپختونخواہ حکومت ان کے ویژن پر عمل نئیں کر سکی،خیبرپختونخوا حکومت وفاقی حکومت اور ایجنسیوں کی پالیسی سے اس طرح اپنے آپ کو دور نہیں رکھ سکی جیسا کہ ضروری تھا،عمران خان کا حکم ہے کہ سہیل آفریدی حکومت کو بتائیں کہ پختون روایات کیا ہیں؟اس علاقے میں امن کس طرح قائم ہو سکتا ہے؟علی امین گنڈا پور کی جگہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے یہ فیصلہ پارٹی کے سینئر رہنماوں سے تفصیلی مشاورت کے بعد کیا،جس کا مقصد خیبرپختونخوا حکومت کو مزید فعال اور عوامی سطح پر متحرک بنانا ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ عمران خان نے اس نامزدگی کا اعلان پارٹی رہنماوں سے اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا،جہاں صوبائی سطح پر تنظیمی ڈھانچے اور حکومتی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ بانی چیئرمین کی مکمل صوابدید پر کیا گیا ہے اور اس کا مقصد پارٹی نظم و نسق کو مزید مضبوط بنانا ہے،سہیل آفریدی ایک متحرک،ایماندار اور پارٹی کے دیرینہ کارکن ہیں جو صوبے میں بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی بلکل طالبان نواز نہیں ہیں،یہ بے ہودہ لغو الزام ہے،عوام کی جان اور مال کی حفاظت کرنا ہماری زمہ داری ہے اور یہ حفاظت ڈرون حملہ کر کے جانیں لینے سے نہیں ہو گی۔پارٹی رہنماوں کا کہنا ہے کہ قیادت کی تبدیلی کا مقصد عوامی فلاح، بہتر گورننس اور تحریکِ انصاف کے منشور پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق،خیبرپختونخوا میں یہ تبدیلی پارٹی کی آئندہ سیاسی حکمت عملی میں اہم کردار ادا کرے گی اور اس سے صوبائی حکومت کے معاملات پر گہرا اثر پڑے گا۔
سہیل آفریدی اگلے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نامزد،سلمان اکرم راجہ نے تصدیق کر دی
1