لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے تین روزہ لاہور دورہ مکمل کر لیا، جسے تحریک انصاف کی قیادت نے کامیاب قرار دیتے ہوئے کارکنوں اور رہنماوں کے حوصلے بلند ہونے کا اظہار کیا ہے۔دورے کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے پنجاب حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ انہیں لاہور میں جگہ جگہ روکا گیا، راستے بند کیے گئے اور اس طرزِ عمل سے نفرتیں بڑھنے کا خدشہ ہے، تاہم تمام تر رکاوٹوں کے باوجود وہ اپنے موقف اور سیاسی جدوجہد پر ثابت قدم رہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے تین روزہ دورہ لاہور مکمل کر کے واپس پشاور روانہ ہو گئے۔ پشاور روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور میں انہیں جگہ جگہ روکا گیا، اس طرح نفرتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔ سہیل آفریدی نے لاہور دورے کے اختتام پر مزار اقبال پر فاتحہ خوانی بھی کی جبکہ پارٹی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جواں ہمت وزیراعلیٰ سے سرکاری بدسلوکی پر معزرت اور بار بار لاہور آنے کی دعوت دی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے دورے کے دوران نورین خانم نیازی سے ملاقات کی، جس کے لیے پنجاب میں تمام راستے مسدود تھے اور ان کی رہائش گاہ کو پولیس نے مکمل طور پر گھیر رکھا تھا تاہم، نورین خانم نے خود آگے بڑھ کر ملاقات کا فیصلہ کیا، جس پر سہیل آفریدی نے کہا کہ بغیر ملاقات کے واپس جانا ان کے لیے قابل قبول نہیں تھا۔سہیل آفریدی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پنجاب حکومت نے پہلے دن سے ظلم کا بازار گرم کیا ہوا تھا، لاہور میں تیسرے دن بھی مسلسل یہی سلوک دیکھنے کو ملا، انہیں جگہ جگہ روکا گیا، فوڈ سٹریٹ اور دیگر مقامات پر رکاوٹیں ڈالی گئیں، اور عوامی راستے بھی بند کیے گئے،وہ بیرسٹر حسان نیازی اور عمر سرفراز چیمہ کے گھروں تک بھی نہیں جا سکے اور سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں مختلف بہانے بتائے۔پی ٹی آئی رہنماوں نے سہیل آفریدی کے دورے کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ پنجاب حکومت کے پلانٹڈ افراد نے کے پی میں گورننس پر سوالات اٹھائے، جس کا جواب پختونخوا کے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے دیا۔ پی ٹی آئی رہنماوں نے مشاورتی اجلاس میں کہا کہ سہیل آفریدی کے دورے سے کارکنوں، رہنماوں اور ان کے اہل خانہ کے حوصلے بڑھ گئے، اور دوبارہ لاہور آنے کی درخواست کی گئی۔دورے کے دوران سہیل آفریدی نے کالم نگاروں، سینئر صحافیوں، بیورو چیفز اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے لاہور میں پارٹی کی حمایت یافتہ سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور مزار اقبال پر فاتحہ خوانی کر کے صوبے کی خدمت میں دعا کی۔ یہ دورہ نہ صرف عوامی رابطے بلکہ پی ٹی آئی کارکنوں اور قیادت کے لیے حوصلہ افزا بھی ثابت ہوا۔سہیل آفریدی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عوام کا شعور اور آواز کوئی نہیں چھین سکتا، اور ہر رکاوٹ کے باوجود عوام کے حقوق اور پارٹی کے اصولوں پر ثابت قدم رہیں گے۔ لاہور میں اس دورے نے پی ٹی آئی کی مضبوطی اور کارکنوں میں جوش و جذبہ بڑھانے کا کردار ادا کیا ہے، جس سے آنے والے سیاسی محاذ پر پارٹی کی حکمت عملی مزید مضبوط ہوگی۔
سہیل آفریدی کا لاہور دورہ مکمل،تحریک انصاف کے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی پنجاب حکومت پر شدید تنقید
0