اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سوشل میڈیا پر دولت اور عیش و عشرت کی نمائش کرنے والے بااثر مگر نان فائلرز انفلوئنسرز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹیکس حکام نے 30 ستمبر تک انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والوں کی حتمی فہرست تیار کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے، جس کے بعد آئندہ ماہ بڑے پیمانے پر کارروائیاں متوقع ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے ایسے تمام انفلوئنسرز کا ڈیٹا حاصل کر لیا ہے جو شاندار گاڑیوں،مہنگے گھروں،قیمتی زیورات اور برانڈیڈ ملبوسات کے ذریعے دولت کی نمائش کرتے ہیں مگر قومی خزانے میں ٹیکس جمع کرانے سے گریزاں ہیں،نادرا سے ان افراد کی مکمل تفصیلات،بشمول بینک اکاونٹس، غیر ملکی سفر،کریڈٹ اور اے ٹی ایم کارڈز کے ریکارڈ،ایف بی آر کے پاس پہنچ چکی ہیں۔ادارے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہونے والے سٹارز اور انفلوئنسرز کی مانیٹرنگ بھی شروع کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق ایسی تمام سرگرمیاں باریک بینی سے دیکھی جا رہی ہیں تا کہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کون لوگ اپنی آمدن کو ظاہر کیے بغیر شاہانہ طرزِ زندگی گزار رہے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ شوبز اور سوشل میڈیا سے وابستہ وہ با اثر شخصیات جو اب تک ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں، ان پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔اس اقدام کا مقصد قومی خزانے میں ٹیکس وصولی کو یقینی بنانا اور ملک میں معاشی انصاف کو فروغ دینا ہے۔یہ فیصلہ اس پیغام کے ساتھ کیا گیا ہے کہ اب دولت کی نمود و نمائش کرنے والے مگر ذمہ داری ادا نہ کرنے والے افراد احتساب کے دائرے سے باہر نہیں رہیں گے۔
سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے ہو جائیں ہوشیار،ایف بی آر نے شکنجہ کسنے کا فیصلہ کر لیا
3