لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور تازہ ترین اعدادوشمار نے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ پی ٹی اے کی رپورٹ کے مطابق ملک میں مختلف سوشل میڈیا ایپس استعمال کرنے والوں کے اکاونٹس کی مجموعی تعداد 51 کروڑ 61 لاکھ سے بھی بڑھ گئی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ڈیجیٹل انقلاب کی لپیٹ میں آیا پاکستان اب دنیا کے بڑے سوشل میڈیا صارفین والے ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔ تازہ اعدادوشمار کے مطابق صرف فیس بک، یوٹیوب، واٹس ایپ اور ٹک ٹاک ہی کروڑوں پاکستانیوں کی روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بن چکے ہیں۔پاکستان میں سوشل میڈیا کے استعمال نے تمام پچھلے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، ملک بھر میں صارفین کے اکاونٹس کی تعداد 51 کروڑ سے بھی آگے نکل گئی ہے،جہاں فیس بک بدستور سب کی پسندیدہ ایپ ہے جبکہ ایکس سب سے کم استعمال ہونے والا پلیٹ فارم ثابت ہوا۔رپورٹ کے مطابق فیس بک بدستور پاکستانی صارفین کا پسندیدہ پلیٹ فارم ہے، جسے استعمال کرنے والوں کی تعداد 10 کروڑ 16 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ یوٹیوب اس دوڑ میں دوسرے نمبر پر ہے، جہاں 9 کروڑ 66 لاکھ 60 ہزار پاکستانی فعال ہیں۔واٹس ایپ بھی عوامی استعمال کے اعتبار سے انتہائی مقبول ہے، جس کے صارفین کی تعداد 9 کروڑ 17 لاکھ تک جا پہنچی ہے۔ اس کے بعد ٹک ٹاک ہے، جو نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہوا اور اب اس کے پاکستانی صارفین کی تعداد 9 کروڑ 3 لاکھ بتائی جا رہی ہے۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سنیپ چیٹ 7 کروڑ 9 لاکھ 80 ہزار صارفین کے ساتھ پاکستان میں اپنی مضبوط جگہ رکھتا ہے، جبکہ انسٹاگرام کے صارفین کی تعداد تقریباً 4 کروڑ 99 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ اس فہرست میں سب سے آخر میں ایکس (سابقہ ٹوئٹر) ہے، جس کے صارفین کی تعداد محض ایک کروڑ 53 لاکھ ہے، یعنی یہ پلیٹ فارم پاکستان میں سب سے کم استعمال کیا جا رہا ہے۔یہ اعداد و شمار اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان میں ڈیجیٹل دنیا کس تیزی سے وسعت اختیار کر رہی ہے۔ سوشل میڈیا اب نہ صرف رابطے کا ذریعہ ہے بلکہ کاروبار، تفریح، تعلیم اور اظہارِ رائے کا سب سے طاقتور پلیٹ فارم بھی بن چکا ہے۔
پاکستان میں سوشل میڈیا کا طوفان،صارفین کی تعداد 51 کروڑ سے متجاوز،فیس بک سب سے آگے،ایکس سب سے پیچھے
18