لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی(یو ای ٹی) لاہور کے شعبہ اسلامیات کے زیرِ اہتمام “سوشل میڈیا کے مثبت اور منفی اثرات، سیرتِ نبوی ﷺ کے تناظر میں” کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ماہرینِ تعلیم، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، سیمینار کا مقصد نوجوان نسل کو سوشل میڈیا کے تعمیری استعمال کی طرف راغب کرنا اور اس کے مضر اثرات سے بچاو کے لیے سیرتِ طیبہ ﷺ کی تعلیمات کو اجاگر کرنا تھا۔
ایگزو نیوز کے مطابق اس موقع پر چیئرمین ڈیپارٹمنٹ، حافظ ڈاکٹر زاہد لطیف نے استقبالیہ کلمات ادا کیے جبکہ کلیدی خطاب یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اور ترجمان، ڈاکٹر تنویر قاسم نے کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سوشل میڈیا ایک ایسا طاقتور ذریعہ ہے جو معاشروں کی سوچ، رجحانات اور رویوں کو بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس پلیٹ فارم کو تعلیمی مواقع، کاروباری ترقی اور عالمی سطح پر معلومات کی تیز تر رسائی کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے، تاہم اس کے منفی پہلووں،جھوٹی خبروں،نفرت انگیزی اور وقت کے ضیاع سے بچنے کے لیے شعور اور رہنمائی لازمی ہے۔ڈاکٹر تنویر قاسم نے زور دیا کہ صحافتی ذمہ داریوں کی پاسداری، معلومات کی تصدیق اور سچائی پر مبنی مواد ہی معاشرے میں مثبت تبدیلی کا راستہ ہموار کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا گلوبل ویلج میں ڈھل چکی ہے،جہاں چند سیکنڈز میں ایک پیغام دنیا کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فیس بک، انسٹاگرام، یوٹیوب، ٹک ٹاک اور دیگر سوشل پلیٹ فارمز بلاشبہ ابلاغ کے سب سے بڑے ذرائع ہیں لیکن اگر ان کا استعمال سیرتِ نبوی ﷺ کی تعلیمات کے مطابق کیا جائے تو یہ نہ صرف کردار سازی،مساوات،برداشت اور خدمت خلق جیسے اوصاف کو فروغ دے سکتے ہیں بلکہ نوجوانوں کو اخلاقی انحطاط سے بچا کر ایک بہتر معاشرے کی تشکیل میں بھی کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی ایس اسلامک سٹڈیز ود سپیشلائزیشن اِن کمپیوٹر ٹیکنالوجی پروگرام کا آغاز بھی اسی حکمت عملی کا حصہ ہے تا کہ طلبہ کو دینی تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی دونوں سے مسلح کر کے انہیں وقت کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جا سکے۔سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے اجتماعی طور پر یہ عہد کیا کہ وہ سوشل میڈیا کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال کرتے ہوئے معاشرتی ترقی،مثبت اقدار اور دین اسلام کے پیغامِ خیر کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ تقریب میں ڈاکٹر حافظ شہباز،ڈاکٹر حافظ قدرت اللہ،حافظ نعیم الرحمن،سید ندیم شاہ سمیت اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے اس اقدام کو بروقت اور انتہائی موثر قرار دیا۔
سوشل میڈیا کی طاقت سے معاشرے کی تعمیر، سیرتِ نبوی ﷺ کی روشنی میں رہنمائی ناگزیر،ڈاکٹر تنویر قاسم نے سلگتے ایشو کا بہترین حل تجویز کر دیا
7