خیبر پختونخواہ (کے پی) میں سکیورٹی فورسز کے تین مختلف آپریشنز میں 22 دہشت گرد ہلاک اور چھ فوجی شہید ہوگئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق تین الگ الگ آپریشنز کے پی کے ٹانک، شمالی وزیرستان اور تھل کے اضلاع میں 6 سے 7 دسمبر تک کیے گئے۔
سکیورٹی اہلکاروں نے ضلع ٹانک میں گل امام کے علاقے میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا جس میں 9 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 6 زخمی ہوئے۔
ایک اور کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں 10 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تیسرے مقابلے میں سکیورٹی فورسز نے تھل ضلع میں چیک پوسٹ پر حملے کی دہشت گردوں کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے مزید تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں چھ فوجیوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کی۔