Home » سندھ کے سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری،یکم جنوری 2027 سے ریٹائرمنٹ کے روز ہی پنشن ملے گی

سندھ کے سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری،یکم جنوری 2027 سے ریٹائرمنٹ کے روز ہی پنشن ملے گی

by ahmedportugal
8 views
A+A-
Reset

کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)سندھ حکومت نے یکم جنوری 2027 سے ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے روز ہی پنشن کی ادائیگی یقینی بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ اس حوالے سے صوبے کے تمام متعلقہ محکموں کو ضروری احکامات جاری کرتے ہوئے پنشن کے بروقت اجرا کے لیے مربوط نظام تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایگزو نیوز کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت پنشن اور سرکاری ملازمین کے میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کلیمز سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس ہوا،جس میں اکاونٹنٹ جنرل سندھ،سیکریٹری خزانہ،سیکریٹری سروسز،سیکریٹری صحت اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں سرکاری ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن کے حصول میں پیش آنے والی مشکلات،زیر التوا پنشن بلز اور میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کلیمز کی ادائیگی میں تاخیر سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم جنوری 2027 سے ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین کو ان کی ریٹائرمنٹ کے روز ہی پنشن کی ادائیگی کا انتظام کیا جائے گا۔چیف سیکریٹری سندھ نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازم کو ملازمت کے آخری روز ہی پنشن اور دیگر بنیادی مالی واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی جانی چاہیے تاکہ ریٹائرمنٹ کے بعد اسے اپنے جائز مالی حقوق کے حصول کے لیے مختلف سرکاری دفاتر کے چکر نہ لگانا پڑیں۔آصف حیدر شاہ نے تمام صوبائی محکموں کو زیر التوا پنشن بلز تین ماہ کے اندر کلیئر کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ پنشن کی ادائیگی میں غیر ضروری تاخیر ختم کرنے کے لیے ایسا مربوط نظام وضع کیا جائے جس کے تحت ریٹائر ہونے والے ملازمین کے پنشن کیسز پہلے سے مکمل کیے جاسکیں اور ریٹائرمنٹ کے ساتھ ہی ان کے مالی واجبات کی ادائیگی ممکن بنائی جاسکے۔

چیف سیکریٹری سندھ نے پنشن کے معاملات کو موثر بنانے کے لیے سیکریٹری سروسز کی سربراہی میں بین المحکماتی ٹاسک فورس قائم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ٹاسک فورس میں اکاونٹنٹ جنرل سندھ،محکمہ خزانہ،محکمہ صحت،جنرل ایڈمنسٹریشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندے شامل ہوں گے،جو پنشن کی بروقت ادائیگی کے لیے انتظامی اور قانونی رکاوٹوں کا جائزہ لے کر ان کے حل کے لیے اقدامات تجویز کریں گے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اگر پنشن کی بروقت ادائیگی کے لیے موجودہ قواعد و ضوابط میں تبدیلی کی ضرورت ہو تو متعلقہ محکمے ضروری ترامیم تجویز کریں گے۔چیف سیکریٹری نے ہدایت کی کہ پنشن کی ادائیگی کا حتمی عملی فریم ورک ایک ہفتے کے اندر پیش کیا جائے تاکہ نئے نظام کو مقررہ وقت پر نافذ کیا جاسکے۔

اجلاس کے دوران سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کلیمز کی ادائیگی میں ہونے والی تاخیر کا بھی جائزہ لیا گیا۔متعلقہ حکام نے اجلاس کو بتایا کہ میڈیکل کلیمز کی بروقت ادائیگی میں رکاوٹ بننے والی وجوہات میں نامکمل دستاویزات،ای ویری فکیشن اور این اے سی کے اجرا میں تاخیر سمیت مختلف انتظامی مسائل شامل ہیں۔چیف سیکریٹری سندھ نے اس معاملے پر واضح کیا کہ میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کلیمز میں تاخیر بنیادی طور پر پالیسی یا فنڈز کی عدم دستیابی کا مسئلہ نہیں بلکہ انتظامی رکاوٹوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کلیمز کی جانچ پڑتال اور منظوری کے عمل کو غیر ضروری طوالت سے بچایا جائے اور ملازمین کو اپنے جائز طبی اخراجات کی واپسی کے لیے طویل انتظار نہ کرنا پڑے۔آصف حیدر شاہ نے میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کے نظام میں غیر ضروری کاغذی کارروائی ختم کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن کو میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کے موجودہ طریقہ کار کا مشترکہ جائزہ لینے اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر اسے مزید آسان بنانے کی ذمہ داری سونپی۔

چیف سیکریٹری نے ہدایت کی کہ اکاونٹنٹ جنرل سندھ،محکمہ خزانہ،محکمہ سروسز اور دیگر متعلقہ ادارے میڈیکل کلیمز کی وصولی،تصدیق،منظوری اور ادائیگی کے طریقہ کار کو آسان اور تیز بنائیں تاکہ سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو غیر ضروری دفتری کارروائی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین اپنی طویل مدت ملازمت کے بعد ریٹائرمنٹ پر اپنے جائز مالی حقوق کے حقدار ہیں اور انہیں پنشن یا میڈیکل واجبات کے حصول کے لیے غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے،حکومت کی ذمہ داری ہے کہ پنشن اور دیگر مالی واجبات کی ادائیگی کے نظام کو موثر،شفاف اور بروقت بنایا جائے۔سندھ حکومت کے اس فیصلے کے تحت یکم جنوری 2027 کے بعد ریٹائر ہونے والے ملازمین کے لیے پنشن کے روایتی انتظار کو کم کرنے اور ریٹائرمنٹ کے ساتھ ہی مالی تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی، جبکہ زیر التوا پنشن بلز اور میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کلیمز کو نمٹانے کے لیے بھی متعلقہ محکموں کو واضح ٹائم لائنز اور ذمہ داریاں تفویض کردی گئی ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز