Home » نوجوانوں کیلئے نئی دنیا کے دروازے کھل گئے،سندھ میں پہلا مصنوعی ذہانت لرننگ سپیس قائم،مراد علی شاہ کا این ای ڈی یونیورسٹی میں گوگل جیمنائی کارنر کا افتتاح

نوجوانوں کیلئے نئی دنیا کے دروازے کھل گئے،سندھ میں پہلا مصنوعی ذہانت لرننگ سپیس قائم،مراد علی شاہ کا این ای ڈی یونیورسٹی میں گوگل جیمنائی کارنر کا افتتاح

by ahmedportugal
11 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نوجوانوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے دروازے کھولتے ہوئے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں صوبے کے پہلے مصنوعی ذہانت (AI) لرننگ اسپیس اور ”گوگل جیمنائی فار ایجوکیشن کارنر“ کا افتتاح کر دیا،جسے سندھ میں تعلیمی شعبے کی ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب ایک اہم اور تاریخی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں ”گوگل جیمنائی فار ایجوکیشن کارنر“ کا افتتاح کرتے ہوئے اسے صوبے کے تعلیمی شعبے میں مصنوعی ذہانت کے فروغ کی جانب ایک اہم اور تاریخی پیشرفت قرار دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کا عکاس ہے بلکہ نوجوان نسل کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش بھی ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گوگل جیمنائی کارنر دراصل سندھ کے لیے ایک نئے تعلیمی دور کا آغاز ہے،جہاں طلبہ کو محض روایتی تعلیم تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ انہیں عملی طور پر جدید ٹیکنالوجی،بالخصوص مصنوعی ذہانت،سے روشناس کرایا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ دور میں وہی قومیں ترقی کی منازل طے کریں گی جو AI جیسی جدید ٹیکنالوجیز میں مہارت حاصل کریں گی،اسی لیے حکومت کی ترجیح ہے کہ نوجوانوں کو اس میدان میں تیار کیا جائے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت تیزی سے دنیا کے ہر شعبے کو تبدیل کر رہی ہے،خواہ وہ تعلیم ہو،کاروبار ہو یا صنعت اور ایسے میں این ای ڈی یونیورسٹی کا یہ اقدام نہایت اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سرکاری سطح پر قائم ایک جامعہ میں عالمی معیار کی AI لرننگ اسپیس قائم کی گئی ہے، جو دیگر تعلیمی اداروں کے لیے بھی ایک مثال ثابت ہوگی۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سندھ کی دیگر جامعات بھی اس ماڈل کو اپناتے ہوئے اپنے اپنے اداروں میں AI سینٹرز قائم کریں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ کو جدید مہارتیں سیکھنے کے مواقع میسر آسکیں۔ان کے مطابق اب طلبہ کو روزانہ کی بنیاد پر گوگل جیمنائی جیسے جدید پلیٹ فارمز پر عملی کام کرنے کا موقع ملے گا،جس سے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر بتایا کہ تعلیمی نظام کو مزید جدید بنانے کے لیے کروم بکس اور گوگل کلاوڈ ٹیکنالوجی کو بھی متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ طلبہ،اساتذہ اور محققین کو عالمی معیار کے تعلیمی وسائل تک رسائی حاصل ہو سکے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ہر طالب علم کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے AI مہارت رکھنے والے افراد کی طلب میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے لہٰذا سندھ کو ایک ایسا خطہ بنایا جا رہا ہے جہاں نوجوان نہ صرف جدید مہارتوں سے آراستہ ہوں بلکہ خود روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کر سکیں۔ان کے مطابق ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری دراصل ایک روشن اور پائیدار مستقبل میں سرمایہ کاری کے مترادف ہے۔

مراد علی شاہ نے اس منصوبے کے حوالے سے گوگل،ٹیک ویلی،این ای ڈی یونیورسٹی اور محکمہ آئی ٹی کے باہمی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اشتراک سے نہ صرف جدید ڈیجیٹل کورسز متعارف ہوں گے بلکہ لاکھوں طلبہ اور فیکلٹی ممبران اس سے مستفید بھی ہوں گے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ گوگل جیمنائی سندھ کو آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجی کی مہارتوں کا مرکز بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا جبکہ طلبہ،اساتذہ اور محققین اس کے عملی استعمال سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد نوجوانوں کو صرف ملازمتوں کے حصول تک محدود رکھنا نہیں بلکہ انہیں ایسا باصلاحیت بنانا ہے کہ وہ خود روزگار کے مواقع پیدا کریں اور ملکی معیشت میں فعال کردار ادا کریں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز