
غزہ کی فضا ایک بار پھر بارود کی بو سے لبریز ہے۔۔۔دن نکلتا ہے تو ملبے کے ڈھیر پر سورج کی کرنیں پڑتی ہیں مگر وہاں زندگی کے بجائے موت کے سائے ہیں۔۔۔ رات ڈھلتی ہے تو اندھیروں میں بموں کی گھن گرج گونجتی ہے۔۔۔ صرف چوبیس گھنٹوں میں درجنوں زندگیاں خاموش کر دی گئیں۔۔۔نصیرات کیمپ میں مائیں اپنے بچوں کو گود میں لیے دم توڑتی رہیں، باپ ملبے سے مردہ حالت میں نکالے گئے اور کئی خاندان پلک جھپکتے میں صفحہ ہستی سے مٹ گئے۔۔۔بچ جانے والے مٹی اور خون میں لت پت،آنکھوں میں خوف اور ہونٹوں پر وہی سوال دہراتے ہیں کہ دنیا کہاں ہے؟کون ہماری چیخوں کو سنتا ہے؟؟؟وہ ہسپتال جو کبھی زندگی کی کرن سمجھے جاتے تھے،اب موت کے گواہ بن گئے ہیں۔۔۔کمرے جن میں مسکراہٹیں لوٹتی تھیں،اب سسکیوں سے بھرے ہیں۔۔۔ڈاکٹر ننگے ہاتھوں زخموں پر کپڑا باندھتے ہیں،بے ہوشی کے بغیر آپریشن کرتے ہیں اور اندھیروں میں موم بتی کی مدھم روشنی کے ساتھ موت و زندگی کا کھیل کھیلتے ہیں۔۔۔ایندھن ختم ہونے پر وینٹی لیٹر بند ہو گئے ہیں۔۔۔بچے آخری سانس لیتے ہیں اور والدین بے بسی سے انہیں دیکھتے رہتے ہیں۔۔۔کوئی دوا نہیں،کوئی آکسیجن نہیں،صرف ایک مسلسل کرب ہے۔۔۔ہسپتال، جو پناہ تھے،قبرستان بن چکے ہیں۔۔۔بمباری سے بچ نکلنے والے بھوک کی قید میں ہیں۔۔۔

شمالی غزہ میں امدادی راستے مسدود ہیں۔۔۔قطاریں لمبی سے لمبی ہوتی جاتی ہیں مگر کھانے کو کچھ نہیں۔۔۔وہ کچن جو کبھی ہزاروں کو کھانا کھلاتے تھے،اب بند ہو چکے ہیں۔۔۔ماوں کے پاس خالی ہاتھ ہیں،صرف آنسو ہیں اور بچوں کے لبوں پر بار بار ایک ہی سوال”روٹی کہاں ہے؟پانی کہاں ہے؟“ بھوک کو ایک ہتھیار بنا دیا گیا ہے اور یہ ہتھیار بارود سے بھی زیادہ بے رحم ہے کیونکہ یہ روزانہ جسموں کو کمزور اور روحوں کو بے حال کرتا ہے۔۔۔جبکہ غزہ اپنے شہیدوں کو دفناتا ہے،دنیا کے ایوانوں میں صرف بیانات گونجتے ہیں۔۔۔کچھ رہنما امن کی بات کرتے ہیں،کچھ تجاویز پیش کرتے ہیں لیکن زمینی حقیقت یہ ہے کہ طیارے اڑ رہے ہیں اور بم برس رہے ہیں۔۔۔حماس کا کہنا ہے کہ اسے کسی جنگ بندی کی تجویز نہیں ملی۔۔۔اسرائیلی وزیراعظم بار بار یہ اعلان دہراتے ہیں کہ جنگ تب تک نہیں رکے گی جب تک حماس ختم نہ ہو جائے مگر حقیقت یہ ہے کہ اس آگ میں سب سے پہلے جلنے والے وہ لوگ ہیں جن کا جنگ سے کوئی تعلق نہیں۔۔۔چھوٹے چھوٹے بچے،ضعیف بزرگ،مریض اور بے گھر خاندان۔۔۔دنیا بھر میں انسانیت کے پرچم تلے لوگ سڑکوں پر نکلے ہیں۔۔۔برلن،لندن،نیویارک اور دیگر شہروں میں ہزاروں افراد چیخ رہے ہیں کہ بس بہت ہو چکا مگر یہ آوازیں غزہ کے اندر جنگی جہازوں کے شور میں دب جاتی ہیں۔۔۔ان احتجاجوں کی بازگشت غزہ کے مکینوں تک مدھم سرگوشیوں کی طرح پہنچتی ہے اور وہ سوچتے ہیں کہ شاید یہ آوازیں بھی ہمارے ساتھ ہی اندھیروں میں دفن ہو جائیں گی۔۔۔

غزہ میں اب قبرستان کم پڑنے لگے ہیں۔۔۔نئی قبریں پرانی قبروں سے جا ملی ہیں اور زمین کے پیٹ میں ایک کے بعد ایک لاش اترتی جا رہی ہے۔۔۔شہر کا ہر محلہ،ہر گلی،ہر دیوار شہادت کی گواہی دے رہی ہے۔۔۔بچے جو کبھی کھیلتے تھے،اب ان کے نام کتبوں پر لکھے جاتے ہیں۔۔۔وہ بستے جن میں کتابیں ہونی چاہئیں تھیں،اب خون اور مٹی میں پڑے ہیں۔۔۔سکول جو علم کی روشنی دیتے تھے،کھنڈرات میں بدل گئے ہیں۔۔۔یہ صرف ایک جنگ نہیں،یہ ایک پوری نسل کی بقا کا سوال ہے۔۔۔غزہ میں بھوک محاذ ہے،ہسپتال موت کے کمرے ہیں اور گھروں کی اینٹیں گواہی دے رہی ہیں کہ یہاں زندگی کبھی آباد تھی۔۔۔یہ سانحہ محض سیاسی یا فوجی نہیں،یہ انسانیت کی روح پر زخم ہے۔۔۔دنیا کا ضمیر آزمائش میں ہے۔۔۔وہ دنیا جو ترقی،امن اور حقوق کی دعویدار ہے،آج ایک چھوٹے سے خطے کی چیخوں کے سامنے خاموش کھڑی ہے۔۔۔ہر گھنٹہ،ہر لمحہ،ہر دھماکے کے ساتھ یہ سوال مزید گہرا ہوتا جا رہا ہے کہ کیا انسانیت واقعی زندہ ہے؟ کیا دلوں میں اب بھی رحم باقی ہے؟؟؟غزہ کے بچے،جو اپنی کمزور آواز میں زندگی مانگ رہے ہیں،دراصل دنیا کے ضمیر کو پکار رہے ہیں۔۔۔وہ دنیا سے نہیں،ہم سب سے سوال کر رہے ہیں۔۔۔ان کی چیخوں میں وہ مطالبہ ہے جو کسی قرارداد،کسی سفارت کاری یا کسی بیان سے پورا نہیں ہو سکتا۔۔۔وہ صرف ایک بات چاہتے ہیں ”جینے کا حق“۔۔۔غزہ کی زمین بار بار یہ گواہی دے رہی ہے کہ یہ صرف ایک شہر نہیں،یہ انسانیت کا آئینہ ہے۔۔۔آئینہ جو ٹوٹ رہا ہے،جس میں خون کی لکیریں ہیں اور جس میں ہم سب کے چہرے جھلک رہے ہیں۔۔۔سوال یہ ہے کہ کیا ہم یہ آئینہ دیکھنے کی ہمت رکھتے ہیں؟؟؟؟