لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)استحکام پاکستان پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی نے وزیر دفاع خواجہ آصف پر سخت تنقید کرتے ہوئے ان کے سیاسی کردار اور بیانات کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے، انہوں نے نہ صرف خواجہ آصف سے انتخابی عمل کے حوالے سے جوابدہی کا مطالبہ کیا بلکہ انہیں براہِ راست چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے اپنے طرزِ سیاست اور ماضی کے معاملات کا حساب دیں، اس کے بعد ہی دوسروں کو نصیحت کریں۔
ایگزو نیوز کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی نے وزیر دفاع خواجہ آصف کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے سیاسی کردار اور حالیہ بیانات پر سخت سوالات اٹھا دیے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جس شخص کو ایک بزرگ خاتون کے مقابلے میں سخت سیاسی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، وہ آج قوم کو عزت، غیرت اور اصولوں کا درس دے رہا ہے، جو قابل غور امر ہے۔ شعیب صدیقی نے خواجہ آصف کو مخاطب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پہلے خود جاو، سیالکوٹ کے عوام سے معافی مانگو اور انہیں بتاو کہ میں دھاندلی کے ذریعے الیکشن جیت کر آیا ہوں،دوسری بات، جب 2018 کا الیکشن ہوا تو تم جنرل باجوہ کے سسر اعجاز امجد کے پاس گئے، ان کے پاوں پکڑ کر کہامجھے الیکشن جتوا دیں، انہوں نے تمہیں جتوایا،اس کے باوجود تمہیں شرم نہیں آئی اور پھر کسی اور کے بھی پاوں پکڑے؟ اب یہ بھی بتاو کہ 2024 کے الیکشن میں تم نے کس کے پاوں پکڑے؟ہمیں نصیحتیں کرنے سے پہلے اپنے گھر، اپنی قوم اور اپنے لوگوں کے پاس جاو، اور ان سے معافی مانگو کہ تم نے 2018 کا الیکشن بھی دھاندلی سے جیتا اور 2024 کا الیکشن بھی اسی طرح جیتا۔جب اپنے اندر عزت اور غیرت پیدا کر لو، تب دوسروں کو نصیحت کرنا،پہلے اپنا حساب دو،شرم بھی کوئی چیز ہوتی ہے، حیا بھی کوئی چیز ہوتی ہے۔رکن صوبائی اسمبلی نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی رہنماوں کو عوام کے سامنے جوابدہ ہونا چاہیے اور اگر ان کے خلاف کوئی سنجیدہ نوعیت کے الزامات سامنے آئیں تو ان کی وضاحت کرنا ان کی ذمہ داری ہے، کسی بھی جمہوری نظام میں شفافیت اور احتساب بنیادی اصول ہوتے ہیں، اور ان اصولوں پر عملدرآمد ہی عوامی اعتماد کو برقرار رکھ سکتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ موجودہ سیاسی ماحول میں ذاتی نوعیت کے حملوں کے بجائے ٹھوس شواہد اور دلیل کے ساتھ بات کرنا ضروری ہے، تاکہ جمہوری عمل کو مضبوط بنایا جا سکے۔ تاہم شعیب صدیقی نے واضح کیا کہ وہ اپنے موقف پر قائم ہیں اور سمجھتے ہیں کہ عوام کو انتخابی عمل کے حوالے سے مکمل سچ جاننے کا حق حاصل ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے گذشتہ روز ’ایکس ‘ پر اپنے ایک بیان میں استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ علیم خان صاحب کے پاس سیلف ریسپکٹ نامی کوئی چیزہے تو اس بیان کے ساتھ استعفیٰ دیں اور حکومت مخالف بینچوں پہ بیٹھنے کا اعلان کریں، حوصلہ کریں، صرف بیان نہ دیں۔انہوں نے کہا کہ راوی کنارے لوگ جن کو چونا لگا ہے ،وہ پچھلے سال سے رو رہے ہیں، اسمبلی کا اجلاس آنے والا ہے، دیکھتے ہیں صرف بھڑکیں ہیں یا کوئی استعفیٰ دے کر کشمیری بھائیوں کے ساتھ راوی کنارے رہنے والے متاثرین کے ساتھ بھی محبت اور یک جہتی کا اظہار کریں، سیاست کبھی کبھی کوئی شرم کوئی حیا بھی مانگ لیتی ہے۔
شرم اور حیا بھی کوئی چیز ہوتی ہے،پہلے اپنا حساب دو پھر نصیحت کرو،شعیب صدیقی کا خواجہ آصف پر بھرپور وار،کھلا چیلنج دے دیا
23