لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)استحکام پاکستان پارٹی نے بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے مسلم خاتون ڈاکٹر کے نقاب کو زبردستی اتارنے کے واقعے پر بھرپور ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی نے ایوان میں مذمتی قرارداد جمع کروائی، جس میں اس افسوسناک اور شرمناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی کی جانب سے ایوان میں جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سرکاری تقریب کے دوران مسلم خاتون ڈاکٹر کے حجاب کو زبردستی کھینچنا انسانی وقار کی شدید پامالی ہے اور کسی مہذب معاشرے میں قابل قبول نہیں۔ استحکام پاکستان پارٹی نے اس حرکت کو ایوان اخلاقیات سے نیچے قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام بھارتی حکومت اور وزیر اعلیٰ بہار کی اقلیتوں خصوصاً مسلم خواتین کے خلاف نفرت اور عدم تحفظ کی عملی مثال ہے۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار اس شرمناک عمل پر عالمی سطح پر مسلم خواتین سے معافی مانگیںجبکہ عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں اور او آئی سی بھارت کے خلاف موثر کارروائی کریں۔قرارداد میں متاثرہ خاتون ڈاکٹر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے واقعات نہ صرف انسانی وقار کی خلاف ورزی ہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھارتی حکومت کی منفی تصویر بھی پیش کرتے ہیں۔قرارداد میں اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو بھارت میں اقلیتوں کے خلاف جاری مظالم کے خلاف فوری اور واضح موقف اختیار کرنا چاہیے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے اور متاثرہ افراد کے حقوق کی حفاظت کی جائے،یہ واقعہ بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلم خواتین کے تحفظ کے حوالے سے ایک سنجیدہ خدشہ پیدا کرتا ہے اور عالمی برادری کی توجہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
بھارت میں مسلم خاتون کے حجاب کی بے حرمتی، شعیب صدیقی نے پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد پیش کر دی
91