پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر مملکت شہریار آفریدی نے برطرف رہنما شیر افضل مروت کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔
شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالے جانے کے حوالے سے شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ ’شیر افضل نے پارٹی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ شیر افضل مروت کے حوالے سے بانی چیئرمین سے بات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ کل تک پی ٹی آئی کے بانی نے شیر افضل مروت کو ہٹانے کے کسی منصوبے کا ذکر نہیں کیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز یہ خبر منظر عام پر آئی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کی پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کر دی تھی۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ قانون کی بالادستی کے لیے ہم سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنتا؟ کیا رکاوٹ ہے؟”
پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 26 نومبر کو جو کچھ ہوا وہ پوری قوم نے دیکھا۔ ہمارے لیڈر نے قانون کی بالادستی کی بات کی اور ہم آئین اور قانون کے لیے کھڑے رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کے کارکنوں پر ظلم کیا جا رہا ہے، بہت سے لوگوں کو جیلوں میں اذیت کا سامنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فارم 47 میں ملوث افراد کی سیاست کا خاتمہ ہوچکا ہے۔