اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان اہم ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دوطرفہ تعلقات،خطے کی مجموعی صورتحال اور جاری امن عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماوں نے مذاکراتی عمل میں ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ سفارت کاری کے ذریعے مثبت پیش رفت کو برقرار رکھا جائے تاکہ خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہو سکے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق امیرِ قطر نے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کر کے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے میں پاکستان کی فعال سفارتی کوششوں کو سراہا اور اس اہم پیش رفت پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے امن کے فروغ اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے کردار کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر قطر کی غیر متزلزل حمایت پر امیرِ قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت پاکستان کی موثر سفارت کاری،فیلڈ مارشل کی مسلسل کاوشوں اور برادر ممالک،خصوصاً قطر کے تعاون کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔گفتگو کے دوران دونوں رہنماوں نے سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن اسٹاک میں ہونے والے تکنیکی مذاکرات کے پہلے مرحلے میں حاصل ہونے والی پیشرفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ مذاکرات کو کامیابی سے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے اسی رفتار کو برقرار رکھا جائے گا۔
دونوں رہنماوں نے اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ امن عمل کو تخریبی عناصر اور ممکنہ رکاوٹوں سے محفوظ رکھنا ناگزیر ہے جبکہ مکالمے،اعتماد سازی اور سفارتی روابط کو خطے میں دیرپا امن کے لیے بنیادی حیثیت حاصل ہے۔اس موقع پر امیرِ قطر نے راس لفان میں پیش آنے والے ایک حادثے میں پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، جس پر وزیراعظم نے اظہارِ ہمدردی اور تعزیت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا اعادہ بھی کیا،جس پر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے رواں سال کے اختتام سے قبل پاکستان کا دورہ کرنے کی آمادگی ظاہر کی۔دونوں رہنماوں نے پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور مستقبل میں قریبی رابطوں کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔