اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کو تیز کرنے اور بجلی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے لائن لاسز میں کمی اور صارفین کو ریلیف کی فراہمی کو حکومت کی ترجیحات قرار دیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے بجلی کے ترسیلی نظام میں بہتری،لائن لاسز میں نمایاں کمی اور صارفین کو سہولیات کی فراہمی کو حکومت کی اولین ترجیحات قرار دے دیا ہے۔وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں ملک کے بجلی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے،توانائی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے اور صنعتی و گھریلو صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بجلی کی ترسیل کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے تاکہ لائن لاسز میں کمی لائی جا سکے اور صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی ممکن ہو۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صنعتی ترقی کے لیے توانائی کی مسلسل دستیابی ناگزیر ہے۔وزیراعظم نے توانائی کے بحران کے دیرپا حل کے لیے قابلِ تجدید توانائی منصوبوں کو ترجیح دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو سستی اور پائیدار توانائی کی طرف منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے بجلی کے نرخوں میں استحکام کے لیے جامع اور قابلِ عمل حکمت عملی تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے نظام کو آسان بنانے کے لیے ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ پر زور دیا اور کہا کہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے بجلی چوری کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات کو مزید سخت کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب،وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ،وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ،وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری،وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک،وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔حکام کی جانب سے اجلاس کو گھریلو اور صنعتی صارفین کے لیے بجلی کی کھپت، ترسیل اور نظام میں بہتری سے متعلق مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں،جن پر وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات عوامی مفاد اور صنعتی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائیں گی اور حکومت اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی تاکہ ملک کو درپیش توانائی چیلنجز پر قابو پایا جا سکے۔