اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان کی جانب سے پاکستان کے سرحدی علاقوں میں بلا اشتعال اشتعال انگیزی کی سخت مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے فی الفور روکے، کیونکہ پاکستان کے دفاع اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
وزیراعظم ہاوس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین سے ہونے والے حملے ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور ان عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے جو پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو ترجیح دی ہے لیکن حالیہ حملے نہ صرف دوطرفہ تعلقات کے لیے نقصان دہ ہیں بلکہ خطے کے امن کے لیے بھی خطرہ ہیں،پاکستان ایک پرامن ہمسائیگی کا خواہاں ہے مگر اس کا مطلب کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے،ہم امن چاہتے ہیں لیکن کسی بھی جارحیت کا جواب بھرپور انداز میں دینا جانتے ہیں۔انہوں نے پاک فوج کی حالیہ جوابی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے دشمن کے حملے کا نہ صرف موثر جواب دیا بلکہ دشمن کو پسپائی پر مجبور کر دیا،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مند اور غیر متزلزل قیادت میں پاک فوج نے پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہادری کی وہ مثال قائم کی ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔شہباز شریف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کے عوام اور افواج ایک پیج پر ہیں اور ملک کے دفاع کے لیے قوم متحد ہے،پاکستان کا ہر شہری اپنی افواج کے ساتھ کھڑا ہے،ہماری فوج نے ہمیشہ بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور اس بار بھی ہم نے دشمن کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان کے دفاع میں کوئی رعایت ممکن نہیں۔
وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے کئی مواقع پر افغان حکام کو “فتنہ الخوارج” اور “فتنہ الہندوستان” جیسے دہشت گرد گروہوں کے بارے میں خفیہ معلومات فراہم کیں،جو افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے اندر حملوں میں ملوث ہیں،یہ نہایت افسوسناک ہے کہ بارہا انتباہ کے باوجود افغان سرزمین دہشت گرد گروہوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ بنی ہوئی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اب مزید برداشت نہیں کرے گا کہ کسی بھی ملک کی زمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہو۔انہوں نے افغان نگران حکومت سے کہا کہ وہ عالمی ذمہ داریوں کا احترام کرے اور فوری طور پر ایسے تمام گروہوں کے خلاف کارروائی کرے جو پاک افغان سرحد پر کشیدگی پیدا کر رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور دشمن کے کسی بھی ناپاک ارادے کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے،پاکستان کی سلامتی نا قابل تسخیر ہے اور ہماری مسلح افواج ہر وقت ملک کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ پاکستان کے پاس نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی سطح پر بھی ہر ممکن آپشن موجود ہے تا کہ دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا جا سکے،ہم خطے میں امن کے خواہاں ہیں لیکن امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان کے پاس اپنے دفاع کے لیے مضبوط عزم، تجربہ کار افواج اور قوم کی غیر متزلزل حمایت موجود ہے۔آخر میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی امن، استحکام اور تعاون کے اصولوں پر مبنی ہے تا ہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر افغان سرزمین دہشت گردوں کے استعمال میں آتی رہی تو پاکستان اپنی خودمختاری اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر قدم اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔