یروشلم(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی امریکی صدرٹرمپ سے ہونے والی ملاقات نے سفارتی سطح پر پہلا شاندار اور غیر معمولی نتیجہ دے دیا،اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے قطر کے دارالحکومت دوحہ پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں ایک قطری سیکیورٹی اہلکار کی ہلاکت پر باضابطہ معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا کشیدگی سے گریز کیا جائے گا، یہ رابطہ پیر کے روز واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے موقع پر وائٹ ہاوس سے قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی کو ٹیلی فون کے ذریعے کیا گیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے اسرائیلی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے قطری ہم منصب کو ٹیلی فون پر فضائی حملے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا اور قطر کے “غزہ میں ثالثی کے اہم کردار” کو سراہا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا کشیدگی پیدا نہیں ہونے دی جائے گی۔خیال رہے کہ 9 ستمبر کو اسرائیلی فضائیہ نے دوحا میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے مرکزی دفتر کو نشانہ بنایا تھا۔ اس حملے میں حماس رہنما خلیل الحیہ کے بیٹے سمیت تنظیم کے پانچ اراکین اور ایک قطری سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ واقعے کے بعد قطر نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا تھا۔جی سی سی اجلاس میں رکن ممالک نے مشترکہ فضائی دفاعی نظام کو مزید مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا اور چھ نکاتی ایجنڈے پر اتفاق کیا جس میں مشترکہ دفاعی تربیت اور انٹیلی جنس شیئرنگ پر بھی زور دیا گیا۔اس دوران ایک علیحدہ سفارتی ذریعے نے بتایا کہ قطر کا ایک تکنیکی وفد بھی ان دنوں واشنگٹن میں موجود ہے جو غزہ امن منصوبے سے متعلق مذاکرات میں حصہ لے رہا ہے۔سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو کی جانب سے یہ معذرت دراصل امریکی قیادت میں جاری امن منصوبے کو کسی بڑے سفارتی بحران سے بچانے کی کوشش ہے، کیونکہ قطر کو اس عمل میں ایک کلیدی شراکت دار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔دوسری جانب تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ اہم پیش رفت وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی امریکی صدر سے ملاقات نے سفارتی سطح پر پہلا شاندار اور غیر معمولی نتیجہ ہے۔ واشنگٹن میں ہونے والی اس اعلیٰ سطح کی ملاقات کو نہ صرف پاک امریکہ تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے بلکہ خطے میں توازنِ طاقت، اقتصادی تعاون اور سلامتی کے نئے امکانات بھی اسی پیش رفت سے جڑتے دکھائی دے رہے ہیں، سیاسی و سفارتی ماہرین کے مطابق اس ملاقات کے فوری نتائج اس بات کا ثبوت ہیں کہ اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان اعتماد کی فضا بحال ہو رہی ہے جو مستقبل کے لیے مثبت اشارہ ہے۔
شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی امریکی صدر سے ملاقات کا پہلا شاندار نتیجہ آ گیا،نیتن یاہو نے دوحہ حملے پر قطری وزیر اعظم سے معافی مانگ لی
11