Home » بلوچستان حکومت برقرار،این ایف سی پر کوئی سمجھوتہ نہیں،شازیہ مری کا دوٹوک اعلان،28ویں ترمیم محض افواہ قرار

بلوچستان حکومت برقرار،این ایف سی پر کوئی سمجھوتہ نہیں،شازیہ مری کا دوٹوک اعلان،28ویں ترمیم محض افواہ قرار

by ahmedportugal
2 views
A+A-
Reset

بلوچستان حکومت برقرار، این ایف سی پر کوئی سمجھوتہ نہیں،شازیہ مری کا دوٹوک اعلان،28ویں ترمیم محض افواہ قرار
اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ عطاءمری نے بلوچستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر واضح موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مکمل طور پر قائم اور فعال ہے جبکہ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی تبدیلی سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے این ایف سی ایوارڈ میں کسی بھی قسم کی کٹوتی کو مسترد کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پیپلز پارٹی صوبائی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی جبکہ 28ویں آئینی ترمیم سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات کو محض افواہیں قرار دیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شازیہ مری نے بلوچستان کی موجودہ سیاسی صورتحال اور قومی امور پر دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اپنی کارکردگی کے مطابق کام کر رہی ہے اور وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کو تبدیل کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔خصوصی گفتگو میں انہوں نے واضح کیا کہ 28ویں آئینی ترمیم سے متعلق گردش کرنے والی باتیں محض قیاس آرائیاں ہیں اور اس حوالے سے نہ تو وزیراعظم نے پیپلز پارٹی سے کوئی مشاورت کی ہے اور نہ ہی پارٹی کو اس بارے میں آگاہ کیا گیا ہے، پیپلز پارٹی این ایف سی ایوارڈ میں کسی قسم کی کٹوتی ہرگز قبول نہیں کرے گی اور صوبائی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔شازیہ مری نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان وفاقی سطح پر کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت سے متعلق تمام اہم اجلاسوں میں باقاعدگی سے شریک ہو رہے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صوبائی حکومت ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ جمہوری عمل کی مضبوطی کے لیے کوشاں رہی ہے اور تحریک انصاف کو متعدد بار مذاکرات کی دعوت دے چکی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں بیٹھ کر بات چیت کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں تلخ تجربات کے باوجود پیپلز پارٹی نے ملک کے مفاد میں مذاکرات کا راستہ اختیار کیا، تاہم تحریک انصاف کی جانب سے مسلسل محاذ آرائی کا رویہ افسوسناک ہے، سیاسی معاملات کا حل عدالتوں اور آئینی طریقہ کار کے ذریعے ہی ممکن ہے، اس لیے الزامات کے بجائے قانونی راستہ اختیار کیا جائے۔شازیہ مری نے تحریک انصاف کی اندرونی صورتحال پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے اندر مختلف گروہ بن چکے ہیں اور اب یہ واضح نہیں کہ کون سا دھڑا کس احتجاج کی قیادت کر رہا ہے۔ انہوں نے 9 اپریل کو متوقع احتجاج کے حوالے سے بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کسی نئے احتجاج کا متحمل نہیں ہو سکتا۔انہوں نے تحریک انصاف کو مشورہ دیا کہ وہ جذباتی فیصلوں کے بجائے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی جانب آئے تاکہ سیاسی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز