Home » میں نے کچھ غلط نہیں کیا،سیکیورٹی ملے تو فوراً وطن واپسی،مقدمات کا سامنا کرنے کو تیار،سابق بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن

میں نے کچھ غلط نہیں کیا،سیکیورٹی ملے تو فوراً وطن واپسی،مقدمات کا سامنا کرنے کو تیار،سابق بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن

by ahmedportugal
22 views
A+A-
Reset

نیویارک(ایگزو نیوز ڈیسک)بنگلہ دیش کے مایہ ناز آل راونڈر اور سابق کپتان شکیب الحسن نے واضح کیا ہے کہ اگر حکومت ان کی سکیورٹی کی ضمانت دے تو وہ فوری طور پر وطن واپس آکر اپنے خلاف قائم مقدمات کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں،انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے ساتھ ساتھ دوبارہ قومی ٹیم کی نمائندگی کے خواہاں ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کو سری لنکا سے دیے گئے ایک انٹرویو میں 39 سالہ کرکٹر نے کہا کہ انہیں اپنے خلاف الزامات پر یقین نہیں اور وہ خود کو بے قصور سمجھتے ہیں،اسی لیے وہ عدالت کا سامنا کرنے سے گریزاں نہیں۔ان کے مطابق اگر انہیں حکومتی کلیئرنس اور سکیورٹی فراہم کی جائے تو وہ خوشی سے بنگلہ دیش واپس جائیں گے۔شکیب الحسن، جو سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ کے رکن پارلیمان بھی رہ چکے ہیں،اگست 2024 میں حکومت کے خاتمے کے بعد سے امریکا میں مقیم ہیں اور اس وقت اپنے اہل خانہ کے ساتھ نیویارک میں رہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ تاحال بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر نہیں ہوئے اور خواہش رکھتے ہیں کہ اپنے ملک میں الوداعی سیریز کھیلیں اور 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں بھی بنگلہ دیش کی نمائندگی کریں۔انہوں نے وطن واپسی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر فوری واپسی ممکن نہ ہوئی تو وہ دسمبر میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے ساتھ واپسی کی کوشش کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ قیادت کے فیصلوں کا احترام کریں گے اور جو بھی حکمت عملی طے کی جائے گی،اس پر عمل کریں گے۔

شکیب الحسن نے اپنے خلاف قائم مقدمات کو ”من گھڑت“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے وکیل کے ذریعے مختلف حکومتی اداروں کو خطوط لکھے لیکن کسی جانب سے جواب موصول نہیں ہوا۔ان کے مطابق اس وقت ان پر دو مقدمات زیر سماعت ہیں جن میں ایک قتل اور دوسرا بدعنوانی کا کیس شامل ہے جبکہ قتل کا مقدمہ اس وقت درج کیا گیا جب وہ بیرون ملک میچ کھیل رہے تھے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے ان کے بینک اکاونٹس بھی منجمد ہیں حالانکہ وہ ماضی میں ملک کے بڑے ٹیکس دہندگان میں شامل رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر تحقیقات میں کچھ ثابت نہیں ہوتا تو ان کے اکاونٹس بحال کیے جائیں۔سیاسی وابستگی کے حوالے سے انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ وہ عوامی لیگ یا شیخ حسینہ سے لاتعلقی اختیار کر کے اپنی واپسی آسان بنا سکتے ہیں،ان کے مطابق وہ ایسا کبھی نہیں کریں گے۔شکیب الحسن نے اس مشکل صورتحال کو ذاتی طور پر بھی چیلنجنگ قرار دیا اور بتایا کہ وہ گزشتہ دو برس سے اپنے والدین سے نہیں مل سکے جو بنگلہ دیش میں مقیم ہیں جبکہ ان کے مطابق ان کے اہل خانہ کو بھی نقل و حرکت میں مشکلات کا سامنا ہے۔کرکٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت مختلف فرنچائز لیگز میں شرکت کر رہے ہیں اور خود کو فٹ محسوس کرتے ہیں تاہم عمر کے پیش نظر وہ زیادہ عرصے تک ریٹائرمنٹ موخر نہیں کر سکتے،اس لیے وہ اپنے کیریئر کا اختتام باوقار انداز میں اپنے وطن میں کرنا چاہتے ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز