سابق کرکٹ اسٹار شاہد آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹی 20 میچ میں شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کو آرام دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز میں کیویز نے 3-1 سے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے، اور آخری میچ 26 مارچ کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔
شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ آخری میچ میں بنچ پر بیٹھے کھلاڑیوں کو آزمایا جائے اور شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کو آرام دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ پاکستان سیریز ہار چکا ہے، اس لیے باقی کھلاڑیوں کو موقع دینا بہتر ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق، نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے چار میچوں میں شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ چوتھے میچ میں دونوں کھلاڑیوں نے بغیر کسی وکٹ کے 98 رنز دیے اور بیٹنگ میں بھی اچھی کارکردگی نہ دکھائی۔ شاہین نے 133 رنز دے کر صرف دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاداب نے 110 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی اور تین اننگز میں صرف 30 رنز بنائے۔