کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)سابق قومی کپتان شاہد آفریدی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عام شہری پر مزید مالی بوجھ ڈالنے کے بجائے عوام کو فوری اور عملی ریلیف فراہم کیا جائے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اپنے ایک بیان میں شاہد آفریدی نے کہا کہ پیٹرول پر بھاری ٹیکس عائد کرکے اس کی رقم بالآخر عوام ہی سے وصول کی جاتی ہے جبکہ ٹیکس وصولی کے مقررہ اہداف پورے نہ ہونے کی صورت میں بھی اس کا بوجھ عام شہریوں پر منتقل کردیا جاتا ہے،جس سے پہلے ہی مہنگائی کے شکار عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ محض عالمی حالات کا نتیجہ قرار دے کر اس کی ذمہ داری سے نہیں بچا جا سکتا بلکہ حکومت کو اپنی پالیسیوں اور انتظامی کمزوریوں کا جائزہ لینا ہو گا،حکومتی پالیسیوں یا انتظامی مسائل کی قیمت عوام سے وصول کرنے کے بجائے ایسے اقدامات کیے جانے چاہئیں جن سے عام آدمی کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی صورتحال نے عام شہری کی زندگی انتہائی مشکل بنا دی ہے اور لوگوں کیلئے دو وقت کی روٹی کمانا بھی ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے،روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث عوام پہلے ہی شدید مالی دباو کا شکار ہیں،ایسے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ان کے مسائل کو مزید سنگین کردیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے کا اثر صرف گاڑی چلانے والے افراد تک محدود نہیں رہتا بلکہ اس کے اثرات براہ راست اور بالواسطہ طور پر پورے معاشی نظام اور عام آدمی کی زندگی پر پڑتے ہیں،ایندھن مہنگا ہونے سے سفری اخراجات،اشیائے ضروریہ کی ترسیل اور مختلف خدمات کی لاگت بڑھتی ہے،جس کے نتیجے میں مہنگائی کا دباو مزید بڑھ جاتا ہے۔سابق قومی کپتان نے حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کو اپنی ترجیح بنائیں کیونکہ موجودہ حالات میں مشکلات پہلے ہی عام شہری کی زندگی کا حصہ بن چکی ہیں،حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی مشکلات میں کمی کیلئے ایسے فیصلے کرے جن کے نتیجے میں شہریوں کو عملی طور پر ریلیف محسوس ہو۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ حکومت کو ٹیکس اہداف اور دیگر مالی ضروریات پوری کرنے کیلئے عام شہری پر مسلسل اضافی بوجھ ڈالنے کے بجائے ٹیکس نظام میں بہتری،موثر انتظامی اقدامات اور عوام دوست معاشی پالیسیوں پر توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے زور دیا کہ موجودہ معاشی صورتحال میں محض بیانات کے بجائے عملی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ مہنگائی کے دباو کو کم کیا جاسکے اور عام آدمی کیلئے روزمرہ زندگی کچھ آسان بنائی جاسکے،حکومت کو عوام کی قوتِ خرید،روزمرہ اخراجات اور بنیادی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے فیصلے کرنے چاہئیں جو معاشرے کے کمزور اور متوسط طبقات کیلئے حقیقی سہارا ثابت ہوں۔