اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے غزہ میں جنگ بندی اور مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا ہے جبکہ دونوں رہنماوں نے حماس کے بیان کو فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ اور خطے میں پائیدار امن قائم کرنے کا نادر موقع قرار دیتے ہوئے”سیم پیج “ پر آگئے ،وزیراعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن خطے کے لوگوں کی ترقی و خوش حالی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مشرق وسطیٰ میں امن کو خطے کے لوگوں کی ترقی و خوش حالی کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حماس کا حالیہ بیان فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے اور خطے میں پائیدار امن قائم کرنے کا نادر موقع فراہم کرتا ہے۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماوں کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دفاعی معاہدے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان نے معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے اسے سراہا اور کہا کہ پاکستان کو حرمین شریفین کی حفاظت کا موقع ملنا باعث مسرت ہے۔گفتگو کے دوران وزیراعظم اور مولانا فضل الرحمان نے غزہ کی موجودہ صورتحال اور خطے میں امن کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینیوں کے حقوق کے لیے کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی ان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔بیان میں دونوں رہنماوں نے غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے حماس کے بیان کو نہ صرف فلسطینیوں کے لیے ایک نادر موقع قرار دیا بلکہ اس کے خطے میں امن کے قیام اور انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی معصوم و نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کو روکنے اور دیرینہ فلسطینی ریاست کے قیام کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کا موقع فراہم کرے گی۔وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن خطے کے لوگوں کی ترقی، خوش حالی اور معاشرتی استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے، اور پاکستان اس ضمن میں اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی یہ موقف سازی عالمی برادری کے لیے بھی اہم اشارہ ہے کہ فلسطینی عوام کی حمایت اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے باقاعدہ اقدامات کیے جائیں اور خطے میں تشدد اور عسکری کارروائیوں کو روکا جائے۔
غزہ میں جنگ بندی اور مشرق وسطیٰ میں امن کا قیام،وزیر اعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان سیم پیج پر آ گئے
9