اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)ملکی سیاسی و حکومتی صورتحال کے تناظر میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان ایوانِ صدر میں اہم ملاقات ہوئی جس میں اتحادی سیاست، قومی سلامتی، معاشی چیلنجز اور خطے کی صورتحال سمیت متعدد اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کو موجودہ سیاسی ماحول میں اتحادی ہم آہنگی کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ترجمان ایوانِ صدر کے مطابق جمعرات کو ہونے والی اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی شریک تھے۔ اس کے علاوہ وفاقی وزیر احد چیمہ، صدر کے سیکریٹری سید توقیر حسین شاہ،وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ،سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف بھی ملاقات میں موجود تھے،جس سے اس نشست کی سیاسی اہمیت مزید واضح ہوتی ہے۔ملاقات کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے اور مشاورتی عمل کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں قیادتوں نے اس امر پر زور دیا کہ اتحادی حکومت کی موثر کارکردگی کے لیے باہمی رابطے اور اعتماد کا فروغ ناگزیر ہے۔گفتگو میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال،پارلیمانی معاملات اور حکومتی اتحاد کو درپیش چیلنجز پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ حالات میں سیاسی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اتحادی جماعتوں کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھنا ضروری ہے۔قومی و داخلی سلامتی کے امور بھی ملاقات کے ایجنڈے میں شامل رہے۔سکیورٹی صورتحال،دہشت گردی کے چیلنجز اور ریاستی اداروں کی کارکردگی سے متعلق امور پر بریفنگ اور تبادلہ خیال کیا گیا۔اس کے ساتھ ساتھ معاشی صورتحال،حکومتی اصلاحاتی اقدامات اور مالی استحکام کے حوالے سے جاری پالیسیوں پر بھی مشاورت ہوئی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کے نئے صدر کے انتخاب سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا اور ممکنہ ناموں و آئینی تقاضوں پر مشاورت کی گئی۔ مزید برآں غزہ کی صورتحال،امن اقدامات اور اس حوالے سے پاکستان کے سفارتی و سیاسی موقف پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔سیاسی مبصرین اس ملاقات کو اتحادی حکومت کے اندر رابطہ کاری کے تسلسل اور آئندہ سیاسی حکمت عملی کی تیاری کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ دنوں میں دونوں جماعتوں کے درمیان مزید مشاورتی نشستیں بھی منعقد ہو سکتی ہیں تا کہ حکومتی و پارلیمانی امور کو موثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔