جدہ(امیر محمد خان سے)سابق وفاقی وزیر شہباز حسین چوہدری نے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اپنے بیان میں شہباز حسین چوہدری نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ سردار تنویر الیاس خان حملے میں محفوظ رہے تاہم ان کے ذاتی محافظ کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہید گارڈ کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشتگردی کے اس واقعے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جانی چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔شہباز حسین چوہدری کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر ایک پرامن خطہ ہے تاہم چند عناصر تشدد اور خوف و ہراس کے ذریعے حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات اور مسائل کا حل ہمیشہ مذاکرات اور سیاسی عمل کے ذریعے نکالا جاتا ہے، لیکن موجودہ صورتحال میں معاملات ہٹ دھرمی سے آگے بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے والے اداروں کو موثر کردار ادا کرنا ہوگا اور حالات پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے ہوں گے تاکہ آزاد کشمیر میں امن و استحکام قائم رہے۔سابق وفاقی وزیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومتی اقدامات اور اداروں کی کوششوں سے صورتحال جلد معمول پر آ جائے گی اور آزاد کشمیر میں پرامن ماحول برقرار رکھا جا سکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات کا انعقاد انتہائی ضروری ہے تاکہ عوام اپنی مرضی کے نمائندے منتخب کر سکیں، جو اسمبلی میں ان کے مسائل کی آواز بنیں اور آئینی و قانونی طریقہ کار کے ذریعے عوامی مشکلات کے حل کے لیے کردار ادا کریں۔
سردار تنویر الیاس پر حملہ،شہباز حسین چوہدری کا شدید ردعمل،ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ
26