شاہ رخ خان اور گوری خان نے اپنے ممبئی والے گھر، منت کو اور بھی شاندار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گوری نے چھ منزلہ عمارت میں مزید دو منزلیں شامل کرنے کی اجازت کیلئے درخواست دی ہے۔ اگر درخواست منظور ہوگئی تو منت کو آٹھ منزلہ شاہکار میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ جس پر تقریباً 25 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ 1914 میں تعمیر کیا گیا منت کا شمار ممبئی کے اہم مقامات میں ہوتا ہے۔
ہر سال شاہ رخ کی سالگرہ اور عید جیسے تہوار کے موقع پر ہزاروں کی تعداد میں مداح گھر کے باہر جمع ہوتے ہیں، بالکونی سے بالی ووڈ کے کنگ خان ہاتھ ہلا کر اُن کا استقبال کرتے ہیں۔
شاہ رخ نے 2001 میں منت کو اس وقت خریدا تھا جب ان کی ساس نے ان کا پچھلا گھر بہت چھوٹا قرار دیا تھا۔ اُس وقت بھارتی اداکار کے پاس صرف 2 کروڑ روپے کی بچت تھی لیکن وہ ایک بڑا قرض لے کر 30 کروڑ روپے کا مکان خریدنے میں کامیاب ہو گئے۔ انٹیریئر ڈیزائنر ہونے کے ناطے گوری نے گھر کے اندرونی حصے کو اپنے ہاتھوں سے ڈیزائن کیا تھا کیونکہ ان کے پاس پیشہ ور کیلئے کافی رقم نہیں تھی۔
شاہ رخ نے صرف چار سال میں قرض ادا کر دیا، اور آج منت کی قیمت تقریباً 200 کروڑ روپے ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ توسیع کے دوران منّت کو مزید پرتعیش بنایا جائے گا اور اس کی توجہ کو برقرار رکھا جائے گا۔ گوری خان، جو اپنے خوبصورت ڈیزائن کیلئے مشہور ہیں، اس پروجیکٹ کی نگرانی کریں گی۔