لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپرلیگ سیزن 11 کے اہم مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کر لی۔
ایگزو نیوز کے مطابق میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز سکور کیے۔ کپتان سعود شکیل 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ حسن نواز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 66 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔دیگر بلے بازوں میں ٹام کرن 29،شامل حسین 21 اور خواجہ نافع 18 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اضافہ کرتے رہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان نے عمدہ باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں اور حریف بیٹنگ لائن کو دباو میں رکھا۔184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ابتدا سے ہی پر اعتماد کھیل پیش کیا اور مطلوبہ ہدف 19ویں اوور میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
سمیر منہاس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ شاداب خان نے بھی بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 69 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تیسری وکٹ پر 128 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے میچ کا رخ یکسر تبدیل کر دیا۔دیگر بلے بازوں میں ڈیون کونوے 18 اور آندریس گوس 2 رنز بنا سکے تاہم مرکزی کردار منہاس اور شاداب کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ادا کیا۔شاداب خان نے آل راونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف باولنگ میں اہم کردار ادا کیا بلکہ بیٹنگ میں بھی ٹیم کو فتح دلائی،جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس کامیابی کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اہم مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔