لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے دوران سیکیورٹی کے لیے پاک آرمی اور رینجرز کی خدمات طلب کر لی گئی ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارت داخلہ کو باضابطہ درخواست بھجوائی ہے، جس کے تحت لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں میچز کی سیکیورٹی کے لیے فورسز کی تعیناتی کی جائے گی۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے راولپنڈی اور ملتان کے لیے رینجرز کے ایک، ایک ونگ اور آرمی کی دو، دو کمپنیوں کی خدمات طلب کی ہیں، علاوہ ازیں ایس ایس جی کمانڈوز اور آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز بھی سیکیورٹی کے لیے فراہم کیے جائیں گے۔ سیکیورٹی دستوں کی خدمات 6 اپریل سے 19 مئی تک درکار ہوں گی۔
دریں اثنا، ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 میں پہلی بار انگلینڈ کے سابق کپتان سر الیسٹر کک کمنٹری پینل کا حصہ ہوں گے۔ اس کے علاوہ مارک نکولس، ڈومینک کارک، جے پی ڈومینی، مائیک ہیزمین، مارٹن گپٹل اور اطہر علی خان بھی کمنٹری کریں گے، جب کہ آسٹریلوی کرکٹر لیزا اسٹالکر بھی پہلی بار پی ایس ایل میں کمنٹری کریں گی۔
پاکستان کے سابق کپتان رمیز راجہ، وسیم اکرم، وقار یونس، عامر سہیل اور کرکٹ تجزیہ کار سکندر بخت بھی کمنٹری پینل کا حصہ ہوں گے۔ وسیم اکرم پہلی بار پی ایس ایل میں کمنٹری کرتے نظر آئیں گے۔
پی ایس ایل 10 میں پہلی بار مکمل اردو کمنٹری بھی ہوگی، جس میں طارق سعید، علی یونس، عقیل ثمر، مرینہ اقبال اور سلمان بٹ شامل ہیں۔ ایرن ہالینڈ اور زینب عباس میچز کے دوران پریزینٹرز ہوں گی۔
پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ اس سال کرکٹ کی دنیا کے بڑے نام کمنٹری کریں گے، جس سے کوریج کا معیار بلند ہوگا اور پہلی بار اردو کمنٹری کے ذریعے شائقین کو مزید قریب لایا جائے گا۔