اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)اسلام آباد ہائیکورٹ بار میں حالیہ ہنگامہ آرائی کے بعد معاملہ سنگین صورت اختیار کر گیا ہے، بار کے صدر واجد گیلانی کی جانب سے جاری بیانات پر اسلام آباد میں مقیم سینئر رپورٹر مریم نواز خان نے کھل کر ردعمل دیا اور دعویٰ کیا ہے کہ حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے اور واجد گیلانی کو جھوٹے الزامات پر شرم آنی چاہئے۔
ایگزو نیوز کے مطابق سینئر رپورٹرمریم نواز خان نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں واجد گیلانی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ “انہیں کچھ تو شرم آنی چاہیے، سراسر جھوٹ بول رہے ہیں۔ حقیقت سب کے سامنے ہے اور اس کے ناقابل تردید ثبوت وڈیوز کی صورت میں موجود ہیں۔سینئر رپورٹر کے مطابق پورا واقعہ سب کی آنکھوں کے سامنے پیش آیا اور وڈیوز ریکارڈ پر بھی موجود ہیں، جن میں صاف طور پر سنا جا سکتا ہے کہ ایمان مزاری نے احتجاج کے دوران نعرے لگائے۔ اسی دوران انتظار پنجوتھا نے واجد گیلانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: “آپ ہمارے ووٹ سے صدر بنے ہیں، عمران خان کے نام پر ووٹ لے کر آئے ہیں۔مزید بتایا گیا کہ صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے زینب جنجوعہ نے آگے بڑھ کر صلح صفائی کرانے کی کوشش کی اور واضح کیا کہ “احتجاج عدلیہ کے احترام اور آزادی کے بارے میں ہے، کسی سیاسی جماعت کے حق یا مخالفت کے بارے میں نہیں، وکلاءکو متحد رہنا چاہیے۔واضح رہے کہ اسلام آباد بار میں ہونے والے جھگڑے کے بعد صدر واجد گیلانی اور سیکرٹری نے الزام عائد کیا تھا کہ انتظار پنجوتھہ اور دیگر کے پاس پستول تھے، مجھے غدار پکارا اور مجھ پر حملہ آور ہوئے، دہشت گردی کا مقدمہ درج کرائیں گے، بار کونسل کو اِن وکلاءکے لائسنس منسوخ کرنے کیلئے ریفرنس بھیجیں گے، ایمان مزاری اور زینب جنجوعہ نے بھی ملکی سالمیت کے خلاف نعرے بازی کی جبکہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑائی کے دوران کسی کے پاس بھی اسلحہ نہیں تھا جبکہ ایمان مزاری اور دیگر وکلاءبھی عدلیہ کی آزادی اور طارق جہانگیری کی بحالی بارے نعرے بازی کر رہے تھے نا کہ ریاست کے خلاف۔صحافی خاتون مریم نواز خان کی یہ پوسٹ منظر عام پر آنے کے بعد وکلاءبرادری میں بحث نے نئی شدت اختیار کر لی ہے، اور اب تمام نگاہیں بار کونسل کی آئندہ کارروائیوں اور لائحہ عمل پر مرکوز ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ بار تنازع،سینئر رپورٹر مریم نواز خان نے بار کے صدر واجد گیلانی کو جھوٹا قرار دے دیا
10