راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران انتہائی مطلوب خارجی کمانڈر دلاور سمیت دو خوارج کو ہلاک کر دیا، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 24 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے ڈی آئی خان کے علاقے کلاچی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔ فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا،جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں خارجی رنگ لیڈر دلاور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا ایک ساتھی بھی مارا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والا خارجی کمانڈر دلاور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا اور وہ سیکیورٹی فورسز پر حملوں، معصوم شہریوں کے قتل اور دیگر متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہا۔حکومت کی جانب سے اس کے سر کی قیمت 40 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔بیان میں کہا گیا کہ ہلاک خوارج کے قبضے سے جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا،جسے وہ آئندہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے۔سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشنز بھی شروع کر دیے ہیں تا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دیگر خوارج کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ وزیراعظم نے آپریشن کے دوران دو خوارج کو ہلاک کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور حکومت ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک کرنے کے عزم پر قائم ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کے وڑن “عزمِ استحکام” کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔