خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دو دہشت گردوں کو ہلاک اور ایک کو گرفتار کر لیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن آج شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ آپریشن کے دوران جوانوں نے دہشت گردوں کے مقام پر بھر پور کارروائی کی جس کے نتیجے میں، دو خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا، جبکہ ایک خارجی زخمی حالت میں پکڑا گیا۔
آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم تھے۔
پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ 7 دسمبر کو کے پی کے ٹانک، شمالی وزیرستان اور تھل کے اضلاع میں تین مختلف جھڑپوں میں کم از کم 22 دہشت گرد ہلاک اور چھ فوجی شہید ہوئے تھے۔