راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)بلوچستان کے ضلع بارکھان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایک اہم اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے دوران وطن کے دفاع میں جان نچھاور کرنے کا عظیم جذبہ ایک بار پھر نمایاں ہوا۔ اس آپریشن میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں میجر توصیف احمد بھٹی سمیت سکیورٹی فورسز کے 5 جوان شہادت کے بلند رتبے پر فائز ہوئے،جن کی قربانی کو ملک کی سلامتی اور امن کے عزم کی روشن مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع بارکھان میں انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے ایک گروہ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ میجر سمیت 5 جوان وطن کی حفاظت میں شہید ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے بروقت اور موثر آپریشن کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگایا۔فائرنگ کے شدید تبادلے میں دشمن عناصر کو بھاری نقصان پہنچا جبکہ شہید ہونے والے اہلکاروں میں میجر توصیف احمد بھٹی،نائیک فدا حسین،سپاہی سہیل احمد، سپاہی ذاکر حسین اور سپاہی محمد ایاز شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کے بعد علاقے سے اسلحہ،گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ دہشت گرد بڑی تباہی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ سکیورٹی فورسز نے ملک کی سرحدوں کے دفاع کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویڑن عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔ترجمان نے مزید کہا کہ بیرونی حمایت یافتہ عناصر کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے تاکہ ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔