کوئٹہ(ایگزو نیوز ڈیسک)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے دہشت گرد نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ان موثر آپریشنز کے دوران 15 شدت پسند ہلاک کیے گئے جبکہ متعدد ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا،جس سے خطے میں سرگرم دہشت گرد عناصر کو بڑا دھچکا لگا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں مستونگ، بولان، واشک، آواران،سبی،خضدار،ہرنائی اور نوشکی سمیت متعدد علاقوں میں کی گئیں،جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشنز کے دوران سیکیورٹی فورسز نے موثر حکمت عملی کے تحت دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 15 شدت پسند مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ کارروائیوں کے باعث دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو نمایاں نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
یہ آپریشنز ”آپریشن ردالفتنہ3“ کے تحت جاری ہیں،جس کا مقصد بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کو یقینی بنانا ہے۔سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف یہ کارروائیاں ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے میں اہم پیش رفت ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار فورسز کے جوان قوم کا فخر ہیں اور ریاست دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔