Home » شمالی وزیرستان اور نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن،12 دہشت گرد ہلاک،میجر حافظ احسان الٰہی شہید

شمالی وزیرستان اور نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن،12 دہشت گرد ہلاک،میجر حافظ احسان الٰہی شہید

by ahmedportugal
17 views
A+A-
Reset

راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک اور بلوچستان کے ضلع نوشکی میں دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے،جن کے دوران مجموعی طور پر 12 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے جبکہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی قیادت کرنے والے پاک فوج کے افسر میجر حافظ احسان الٰہی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی،جہاں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر موثر آپریشن کیا۔کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا،جس میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز،قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ،گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں 34 سالہ میجر حافظ احسان الٰہی شہید ہوگئے،جن کا تعلق ضلع میانوالی سے تھا۔بیان میں کہا گیا کہ شہید افسر نے اگلے مورچوں سے اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے غیر معمولی جرات،عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا،جس کے دوران مزید 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔کارروائی میں دہشت گردوں کا ایک اہم ٹھکانہ تباہ کیا گیا جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی ناکارہ بنایا گیا۔فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق نوشکی آپریشن میں مارے جانے والے دہشت گردوں میں خودکش حملہ آور بھی شامل تھا جبکہ یہ عناصر دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔حکام کے مطابق علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان اور ”عزمِ استحکام“ وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔بیان میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے شہید میجر حافظ احسان الٰہی کی قربانی کو زبردست الفاظ میں سراہا۔صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت،بہادری اور قومی عزم کی عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں ملک کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید میجر حافظ احسان الٰہی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر افسر نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بناتے ہوئے فرض کی ادائیگی میں اپنی جان قربان کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید افسر جیسے سپوت پوری قوم کا فخر ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی نوشکی میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کی قربانیاں اور کامیابیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے ملک دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنا رہی ہیں جبکہ پوری قوم ملکی سلامتی کے لیے خدمات انجام دینے والے افسران اور جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز