پشاور(ایگزو نیوز ڈیسک)سیکیورٹی فورسز کیڈٹ کالج وانا میں خارجی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز خارجی دہشت گردوں نے کالج کے گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں گیٹ اور قریبی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے حملے کو ناکام بنایا۔ اس دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ 3 دیگر کالج کے ایڈمن بلاک میں محصور ہو گئے ہیں اور ان کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محصور دہشت گرد افغانستان سے تعلق رکھتے ہیں اور بارڈر کے پار سے فون پر ہدایات وصول کر رہے ہیں۔ان کا چھپنے والا بلاک طلبہ کے رہائشی علاقوں سے کافی فاصلے پر ہے،جس سے طلبہ کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔سیکیورٹی فورسز انتہائی مہارت اور حفاظتی اقدامات کے ساتھ عمارت کو کلیئر کر رہی ہیں۔کیڈٹ کالج وانا میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زیادہ تر کیڈٹس کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔ریسکیو کیےگئے کیڈٹس کی تصاویر بھی منظرِ عام پر آ گئی ہیں،طلباء کے مطابق کیڈٹ کالج پر فتنہء الخوارج کے شرپسندوں کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہلاک کیا اور بہادری سے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کیا۔جبکہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔آپریشن مکمل دہشت گردوں کے خاتمے اور علاقے کی مکمل صفائی تک جاری رہے گا۔حکام نے کہا ہے کہ کالج اور قریبی علاقوں کی سیکیورٹی کو مکمل طور پر یقینی بنایا گیا ہے اور آپریشن کے دوران طلبہ و عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔یہ کارروائی ملکی اداروں کی دہشت گردی کے خلاف عزم اور تعلیمی اداروں میں امن و سلامتی کے تحفظ کی یقین دہانی کا مظہر ہے۔
کیڈٹ کالج وانا میں خارجی دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا جاری آپریشن،عمارت مکمل کلیئر کرنے تک فورسز نے کمر کس لی ،چپے چپے کی صفائی اور دھلائی
8