لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے صوبے میں شدید بارشوں اور سیلابی صورت حال کے باعث دفعہ 144 کے تحت ڈیموں، دریاوں،تالابوں،جھیلوں اور عوامی مقامات میں بارش کے پانی میں نہانے اور تیراکی پر پابندی عائد کر دی ہے،دوسری طرف نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں اب تک 178 افراد جاں بحق اور 491 زخمی ہوئے جبکہ پنجاب میں جاں بحق افراد کی تعداد ایک سو تین سے تجاوز کر گئی ہے ۔
”ایگزو نیوز “کے مطابق محلمہ داخلہ پنجاب نے ڈیموں،دریاوں،تالابوں اور جھیلوں میں تیراکی پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جبکہ پنجاب میں گلیوں،سڑکوں،کھلی جگہوں یا عوامی مقامات پر بارش کے جمع شدہ پانی میں نہانے پر بھی پابندی ہو گی۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ ڈیموں،دریاوں،نہروں،تالابوں،جھیلوں میں بلا اجازت کشتی چلانے کی اجازت نہیں ہو گی،پابندیوں کا اطلاق 30 اگست تک ہو گا۔پنجاب حکومت نے یہ پابندی موسمی حالات کے تناظر میں قیمتی انسانی جانوں کی حفاظت کے لیے لگائی گئی ہے۔دوسری طرف پنجاب کے مختلف علاقوں میں حالیہ طوفانی بارشوں میں 103 افراد کے جاں بحق ہونے اور 393 سے زائد شہریوں کے زخمی ہونے کے بعد پنجاب کے مخلتف علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے،راولپنڈی،چکوال اور گرد و نواح میں شدید طوفانی بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی ہے،تمام امدادی فیلڈ ٹیموں کو صوبے بھر میں متحرک کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح لاہور میں مون سون کا سسٹم موجود ہے جب کہ لاہور شہر میں آج بھی کہیں ہلکی ہو کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 اور زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری تک جانے کے امکان ہیں،بارش کے پیش نظر واسا،ایل ڈبلیو ایم سی، بلدیہ عظمی اور محکمہ ہاوسنگ کے افسران و ملازمین الرٹ ہیں۔
پنجاب حکومت نے عوامی مقامات میں بارش کے جمع شدہ پانی میں نہانے پر پابندی عائد کر دی،صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ
10