دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے تیسرے دن کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ کے خلاف ایک وکٹ کے نقصان پر 213 رنز بنا لیے۔
تفصیلات کے مطابق نیو لینڈز میں میزبان جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے تیسرے دن کپتان شان مسعود نے بابر اعظم کے ساتھ 205 کے شاندار اوپننگ اسٹینڈ میں ناقابل شکست سنچری بنائی۔
قومی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 213 رنز تو بنا لیے لیکن اُسے میزبان ٹیم کی برتری ختم کرنے کیلئے اب بھی 208 رنز بنانے ہیں۔ پاکستان کے واحد آوٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم ہیں جنہوں نے 81 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ بابر اعظم سیمیئر مارکو جانسن کی گیند پر ڈیوڈ بیڈنگھم کے ہاتھوں گلی میں کیچ آؤٹ ہوئے۔
دن کے اختتام پر کپتان شان مسعود 102 جبکہ خرم شہزاد 8 رنز پر کریز پر موجود تھے۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم دن کے اوائل میں 194 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد فالو آن کا شکار ہوگئی تھی۔ بابر اعظم 58 جبکہ محمد رضوان 46 رنز بنا کر نمایاں کھلاڑی رہے۔
واضح رہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے ریان رکیلٹن کے 259، کپتان ٹیمبا باوما کے 106 اور کائل ویرین کے 100 رنز کی بدولت پاکستان کے خلاف 566 رنز بنا لیے اور اُس کے سات کھلاڑی آوٹ ہوچکے ہیں۔
جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز 316-4 پر دوبارہ اپنی اننگز کا آغاز کیا تو محمد عباس نے ابتدائی اسٹرائیک میں ڈیوڈ بیڈنگھم کو پانچ رنز پر آؤٹ کردیا تھا۔ اس کے بعد ریان رکیلٹن اور کائل ویرین نے پاکستانی گیند بازوں کی خوب دھلائی کی اور اپنی ٹیم کے سکور میں تیزی سے اضافہ کیا۔ کائل ویرین 100 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ ریان رکیلٹن 259 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باوما نے پاکستان کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم کی پہلی وکٹ 61 رنز پر گری جب ایڈن مارکرم 17 رنز بنا کر خرم شیزاد کی گیند پر آوٹ ہوئے اُن کا کیچ محمد رضوان نے لیا۔ جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ 70 رنز پر گری جب ویان مولڈر 5 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ جبکہ تیسری وکٹ ٹرسٹن اسٹبس کی صورت میں گری جو صفر پر سلمان علی آغا کی گیند پر آوٹ ہوئے۔
پاکستان نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور نسیم شاہ کی جگہ تیز گیند باز میر حمزہ کو شامل کیا گیا ہے۔ جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم:
ایڈن مارکرم، ریان رکیلٹن، ویان مولڈر، ٹرسٹن اسٹبس، ٹیمبا باوما (کپتان)، ڈیوڈ بیڈنگھم، کائل ویرین (وکٹ کیپر)، مارکو جانسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، کوینا نقشہ
پاکستان کی ٹیم:
شان مسعود (کپتان)، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان آغا، عامر جمال، خرم شہزاد، محمد عباس، میر حمزہ