Home » مانیٹری پالیسی کا اعلان،شرح سود 11.50 فیصد پر برقرار،گورنر سٹیٹ بینک کی معیشت سے متعلق اہم پیش گوئیاں

مانیٹری پالیسی کا اعلان،شرح سود 11.50 فیصد پر برقرار،گورنر سٹیٹ بینک کی معیشت سے متعلق اہم پیش گوئیاں

by ahmedportugal
10 views
A+A-
Reset

کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)سٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئندہ مدت کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود کو 11.50 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،جسے معاشی استحکام برقرار رکھنے کی حکمت عملی کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد کے مطابق یہ فیصلہ مہنگائی میں کمی کے رجحان، بیرونی کھاتوں کی بہتر ہوتی صورتحال اور عالمی و علاقائی معاشی دباو کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا جبکہ آئندہ مہینوں میں ترسیلات زر،برآمدات اور زرمبادلہ ذخائر سے متعلق اہم پیش گوئیاں بھی سامنے لائی گئی ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئندہ دو ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود کو 11.50 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد کی زیر صدارت مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال،مہنگائی کے رجحانات،بیرونی کھاتوں کی پوزیشن اور خطے کی جغرافیائی کشیدگی کے ممکنہ اثرات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔گورنر سٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ برسوں کے مقابلے میں مہنگائی میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے،جولائی سے فروری کے دوران اوسط مہنگائی کی شرح 5.5 فیصد ریکارڈ کی گئی،مالی سال 2026 میں کرنٹ اکاونٹ خسارہ 13 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا جبکہ آئندہ مالی سال میں یہ خسارہ جی ڈی پی کے صفر سے ایک فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا تھا کہ ترسیلات زر معیشت کے لیے ایک اہم ستون ہیں اور دسمبر 2026 تک ان کا حجم 20.20 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی غیر یقینی صورتحال کے باوجود ایکسپورٹس اور ورکرز ترسیلات میں بہتری کے امکانات برقرار ہیں جبکہ روشن ڈیجیٹل اکاونٹس میں بھی گزشتہ چار ماہ کے دوران 30 کروڑ ڈالر کی آمد ریکارڈ کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران درآمدات میں اضافہ متوقع ہے تاہم بیرونی ادائیگیوں کے باوجود زرمبادلہ ذخائر میں بہتری آئی ہے۔مالی سال 2027 میں پاکستان کو تقریباً 21.5 ارب ڈالر کے بیرونی قرضوں کی ادائیگیاں درپیش ہوں گی،جس کے لیے مالی نظم و ضبط اور بیرونی مالیاتی بہاو کو مستحکم رکھنا ناگزیر ہو گا۔واضح رہے کہ سٹیٹ بینک اپریل سے شرح سود کو 11.50 فیصد کی سطح پر برقرار رکھے ہوئے ہے اور حالیہ فیصلے کے ذریعے بھی مرکزی بینک نے محتاط پالیسی جاری رکھتے ہوئے معاشی استحکام کو ترجیح دینے کا عندیہ دیا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز