اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پرائز بانڈز کیشمنٹ یا تبدیلی کی آخری تاریخ کے حوالے سے عوام کو ایک اہم یاد دہانی جاری کر دی۔
اس اعلامیہ میں بتایا گیا کہ 7,500 روپے، 15,000 روپے، 25,000 روپے اور 40,000 روپے کے انعامی بانڈز کی کیشمنٹ یا تبدیلی کی درخواستیں اب 31 دسمبر 2024 تک قبول کی جائیں گی۔
اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان بانڈز کے ہولڈرز سے درخواستیں وصول کریں اور ان کے کیشمنٹ یا تبدیل کرنے کے عمل کو 31 دسمبر 2024 تک مکمل کریں۔ اس کے علاوہ، بینکوں کو اس بات کی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 31 دسمبر 2024 کے بعد اپنی متعلقہ اسٹیٹ بینک کی بی ایس سی دفاتر کو ان انعامی بانڈز کا مجموعی ڈیٹا فراہم کریں، جس کی آخری تاریخ 2 جنوری 2025 مقرر کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک نے اس بات پر زور دیا کہ 31 دسمبر 2024 کے بعد ان انعامی بانڈز کی کیشمنٹ یا تبدیل کرنے کی درخواستیں نہیں لی جائیں گی اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ اس تاریخ سے پہلے اپنے بانڈز کو بینکوں میں لے جائیں تاکہ کسی قسم کا نقصان نہ ہو۔
مزید براں، اسٹیٹ بینک نے تمام تجارتی بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان انعامی بانڈز کو 31 جنوری 2025 تک اپنی متعلقہ اسٹیٹ بینک کی بی ایس سی دفاتر کے حوالے کریں۔
یہ اقدام اسٹیٹ بینک کی جانب سے عوام کو سہولت دینے کیلئے کیا گیا ہے تاکہ وہ ان بانڈز کو بروقت کیش کروا سکیں یا ان کا تبادلہ کروا سکیں۔