کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)سعودی عرب جانے والے پاکستانی مسافروں کے لیے اہم سہولت فراہم کرتے ہوئے حکومت نے سفر سے قبل چار لازمی ویکسین لگوانے کی شرط میں عارضی طور پر نرمی کردی ہے۔اس فیصلے کے تحت کراچی سے سعودی عرب جانے والے عمرہ زائرین اور وزٹ ویزا رکھنے والے پاکستانی شہری 25 ستمبر تک لازمی ویکسی نیشن کے بغیر بھی سفر کرسکیں گے جبکہ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق سعودی عرب سفر کرنے والے مسافروں کے لیے گردن توڑ بخار،انفلوئنزا،پولیو اور ییلو فیور کی ویکسین لازمی قرار دی گئی تھیں تاہم ان شرائط کے نفاذ میں اب عارضی طور پر 25 ستمبر تک نرمی کردی گئی ہے۔اس فیصلے سے بالخصوص ان مسافروں کو فوری ریلیف مل گیا ہے جنہوں نے عمرہ یا وزٹ ویزا پر سعودی عرب روانہ ہونا تھا لیکن وہ مقررہ ویکسینیشن مکمل نہیں کرا سکے تھے۔انچارج ویکسینیشن سینٹر ڈاکٹر شازیہ آصف کے مطابق 25 ستمبر سے قبل عمرہ زائرین اور وزٹ ویزا پر سعودی عرب جانے والے افراد ویکسی نیشن کے بغیر بھی سفر کرسکیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ویکسینیشن کی لازمی شرط کا اطلاق پہلے 14 ستمبر سے ہونا تھا تاہم اب اس میں عارضی توسیع کرتے ہوئے نئی تاریخ 25 ستمبر مقرر کردی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق سعودی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں حکومت پاکستان نے سعودی عرب کا سفر کرنے والے مسافروں کے لیے چار مختلف ویکسین لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ان میں گردن توڑ بخار،انفلوئنزا،پولیو اور ییلو فیور کی ویکسین شامل ہیں۔متعلقہ حکام کی جانب سے مسافروں کو ہدایت کی گئی تھی کہ سعودی عرب روانگی سے قبل مقررہ ویکسینیشن مکمل کرائی جائے تاکہ سفر کے دوران انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ویکسینیشن کی شرط مکمل طور پر نافذ ہونے کے بعد کراچی سے حجاز مقدس کا سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ویکسینیشن کا باقاعدہ سرٹیفکیٹ ساتھ رکھنا ضروری ہو گا۔ذرائع کے مطابق اس مرحلے پر نادرا سے تصدیق شدہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی شرط بھی عائد ہوگی،جس کے ذریعے مسافر کی ویکسینیشن کی تصدیق کی جائے گی۔ویکسینیشن پروگرام میں عارضی نرمی کے باعث فوری طور پر سعودی عرب جانے والے پاکستانی شہریوں،خصوصاً عمرہ زائرین اور وزٹ ویزا رکھنے والے مسافروں کو سفری دستاویزات اور ویکسینیشن سے متعلق اضافی مشکلات سے عارضی ریلیف حاصل ہو گیا ہے تاہم 25 ستمبر کے بعد ویکسینیشن سے متعلق مقررہ شرائط کے مکمل نفاذ کے امکانات کے پیش نظر مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے متعلقہ ویکسینیشن اور سرٹیفکیٹ کی ضروریات کو بروقت پورا کریں تاکہ ایئرپورٹ پر کسی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس فیصلے کو سعودی عرب جانے والے پاکستانی مسافروں کے لیے ایک اہم عارضی سہولت قرار دیا جارہا ہے،بالخصوص ایسے وقت میں جب عمرہ اور وزٹ ویزا پر سفر کرنے والے افراد کی بڑی تعداد سعودی عرب روانہ ہوتی ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ موجودہ نرمی 25 ستمبر تک محدود ہے،جس کے بعد ویکسینیشن سے متعلق لازمی شرائط کے مطابق سفر کرنا ہوگا۔