اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیر اعظم کے کوآرڈی نیٹر اختیار ولی خان نے انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے دفاعی معاہدے میں پانچ مزید مسلمان ممالک اور ایک غیر مسلم ملک شمولیت کے لیے تیار ہیں،سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ہمراہ ایک بڑا تجارتی وفد بھی پاکستان آرہا ہے،جو نومبر میں متوقع دورے کے دوران سرمایہ کاری کے اہم اعلانات کرے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیر اعظم کے کوآرڈی نیٹر اختیار ولی خان نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی سفارتی اور دفاعی فتوحات کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری ہے،سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے دفاعی معاہدے کو مزید تقویت ملنے والی ہے کیونکہ پانچ مسلمان ممالک اور ایک غیر مسلم ملک بھی اس میں شمولیت کے لیے تیار ہیں۔اختیار ولی خان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت نے مسلم دنیا میں پاکستان کے کردار کو نمایاں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر حملے کے بعد پاکستان کے کردار کو دنیا نے سراہا اور پہلی مرتبہ ایران میں “شکریہ پاکستان” کے نعرے بلند ہوئے، اسی طرح قطر کے معاملے پر بھی وزیراعظم نے ذاتی دلچسپی لے کر مسلم امہ کی قیادت کا عملی مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے متوقع دورہ پاکستان کی تیاریاں جاری ہیں۔ نومبر میں ہونے والے اس اہم دورے کے دوران سعودی ولی عہد کے ہمراہ بڑی تعداد میں کاروباری شخصیات بھی آئیں گی، جو پاکستان میں سرمایہ کاری کے اہم اعلانات کریں گے۔اختیار ولی خان نے کہا کہ وزیراعظم کی یہ کامیابیاں معمولی نہیں بلکہ مسلم امہ کی قیادت کا نیا باب کھول رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔
سعودی عرب سے تاریخی دفاعی معاہدہ،مزید 5 مسلم ممالک اور ایک غیر مسلم ملک شمولیت کو تیار،نومبر میں محمد بن سلمان کا ممکنہ دورہ پاکستان،بڑا دعویٰ سامنے آ گیا
4