Home » مدینہ منورہ میں طیبہ گرڈ سٹیشن پر ڈرون حملہ،سعودی اتحادی افواج نے حوثیوں کو ذمہ دار قرار دے دیا

مدینہ منورہ میں طیبہ گرڈ سٹیشن پر ڈرون حملہ،سعودی اتحادی افواج نے حوثیوں کو ذمہ دار قرار دے دیا

by ahmedportugal
9 views
A+A-
Reset

ریاض(ایگزو نیوز ڈیسک)مدینہ منورہ میں طیبہ گرڈ اسٹیشن کو ڈرون حملے کا نشانہ بنائے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے جبکہ یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے قائم اتحادی افواج نے حملے کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد میں حوثی ملیشیا کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے قائم اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ یہ حملہ منگل 29 ستمبر کی صبح 5 بج کر 11 منٹ پر مدینہ منورہ میں طیبہ گرڈ سٹیشن پر کیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ حملے کے بعد متعلقہ حکام کی جانب سے تحقیقات کی گئیں اور موقع سے ملنے والے شواہد کے علاوہ حملے میں استعمال ہونے والے ڈرون کے ملبے کا بھی تجزیہ کیا گیا،تحقیقات،شواہد اور ملبے کے تجزیے سے اس امر کی تصدیق ہوئی کہ حملے کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد میں حوثی ملیشیا ملوث تھی۔سعودی اتحادی افواج کے ترجمان کے مطابق ڈرون حملے کے نتیجے میں گرڈ سٹیشن کا ایک بجلی کا ٹرانسفارمر عارضی طور پر غیر فعال ہوا تاہم مجموعی طور پر بجلی کی ترسیل کے نظام اور برقی نیٹ ورک پر کوئی بڑا اثر نہیں پڑا۔ترجمان کے مطابق حملے سے متاثرہ تنصیب شہری بجلی کے بنیادی ڈھانچے کا حصہ ہے اور یہی نظام مسجد نبوی ﷺ سمیت مدینہ منورہ میں موجود اہم شہری تنصیبات کو بجلی کی فراہمی میں کردار ادا کرتا ہے۔

سعودی اتحادی افواج نے حوثی ملیشیا پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا محض ایک تنصیب پر حملہ نہیں بلکہ مقدس مقامات سے متعلق حساس شہری ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ترجمان نے دعویٰ کیا کہ طیبہ گرڈ سٹیشن کو نشانہ بنانا حوثی ملیشیا کی جانب سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی مبینہ کوششوں کا تسلسل ہے،اس نوعیت کی کارروائیاں دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کا باعث بنتی ہیں۔سعودی اتحادی افواج کے ترجمان نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی حساسیت اور وہاں موجود مقدس مقامات کے پیش نظر ان علاقوں کے تحفظ کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ زائرین اور شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ادارے مسلسل حفاظتی اقدامات کررہے ہیں۔ترجمان کے مطابق سعودی عرب اور اتحادی افواج کی جانب سے حوثی ملیشیا کو ایسے حملوں سے باز رکھنے کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ ان اقدامات کا مقصد حرمین شریفین کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں موجود شہریوں اور دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

حملے کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ حکام نے واقعے کے شواہد جمع کرنے اور حملے میں استعمال ہونے والے ڈرون کی باقیات کا تجزیہ کرنے کے بعد ذمہ دار عناصر کا تعین کیا ہے تاہم حوثی ملیشیا کی جانب سے اس مخصوص واقعے کے بارے میں کسی علیحدہ موقف یا تردید کی تفصیل اس بیان میں شامل نہیں کی گئی۔مدینہ منورہ میں شہری بنیادی ڈھانچے کو مبینہ ڈرون حملے کا نشانہ بنائے جانے کا واقعہ خطے میں جاری ڈرون اور میزائل خطرات کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔سعودی حکام ماضی میں بھی حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی سرزمین کی طرف ڈرون اور میزائل حملوں کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں، جبکہ حوثی گروپ بھی خطے میں اپنے حملوں کے حوالے سے مختلف موقف اختیار کرتا رہا ہے۔تازہ واقعے میں سعودی اتحادی افواج کا کہنا ہے کہ حملے سے بجلی کے نظام کو مجموعی طور پر نقصان نہیں پہنچا اور صرف ایک ٹرانسفارمر عارضی طور پر غیر فعال ہوا۔اس کے باوجود سعودی حکام نے مدینہ منورہ میں شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے مبینہ واقعے کو سکیورٹی کے اعتبار سے انتہائی حساس قرار دیا ہے۔سعودی اتحادی افواج نے ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ حرمین شریفین، مقدس شہروں اور وہاں آنے والے زائرین کے تحفظ کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات جاری رکھے جائیں گے اور ایسے حملوں کی روک تھام کے لیے متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز