راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)کور کمانڈر کانفرنس نے سعودی عرب میں پیٹروکیمیکل اور صنعتی تنصیبات پر ہونے والے حالیہ حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں غیر ضروری اور خطے میں کشیدگی کو بڑھانے کا سبب قرار دیا ہے۔ فورم نے واضح کیا کہ اس نوعیت کے اقدامات مشرق وسطیٰ میں جاری سفارتی اور پرامن کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت ہونے والی 274ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کی سیکیورٹی صورتحال، علاقائی کشیدگی اور انسداد دہشت گردی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے آغاز میں شہداءکے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔فورم نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشت گردی کے خلاف جاری انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک دشمن عناصر، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔کانفرنس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دہشت گرد پراکسیز، جو بیرونی سرپرستی میں سرگرم ہیں، ان کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور آپریشن غضب لِلحق کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، جبکہ پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال کو بھی مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔فورم نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر خطے میں استحکام کے لیے فعال کردار ادا کرتا رہے گا اور مذاکرات، تحمل اور سفارت کاری کو فروغ دیتا رہے گا۔کور کمانڈرز نے بھارت کی جانب سے منسوب گمراہ کن بیانیے، بے بنیاد الزامات اور جھوٹے فلیگ آپریشنز کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ہتھکنڈے عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ماورائے عدالت اقدامات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، تربیت، جسمانی فٹنس اور جدید تقاضوں کے مطابق پیشہ ورانہ مہارت کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے اور ملکی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
سعودی عرب پر حملے خطے میں خطرناک کشیدگی کا باعث قرار،دہشت گرد پراکسیز کے خاتمے کا عزم،کور کمانڈرز کانفرنس میں بڑا فیصلہ
3